الحرا ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر کی جانب سے لوٹن میں سیمینار کا انعقاد

بھارت دنیا کو جی 20کانفرنس کے ذریعے کشمیر میں فرضی امن و امان دکھانے میں ناکام ہوگیا ، مودی سرکار مقبول بٹ کی طرح یاسین ملک کو پھانسی دے سکتی ہے ، مقررین
لوٹن: بھارت کی جانب سے سری نگر میں ہونے والی جی20کانفرنس ،یاسین ملک پر ظلم و ستم ، جیل میں تشدد اور مبینہ پھانسی دینے کے حوالے سے لوٹن میں الحرا ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر کی جانب سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی ، اس کے علاوہ مذہبی ، سیاسی و سماجی تنظیم کے رہنمائوں نے بھی اظہار خیال کیا اور اپنا نقطہ، نظریہ پیش کیا ۔اوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل کشمیر ونگ اور تکبیر ٹی وی کے تعاون سے منعقد ہونے والے سیمینار میں ’’عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ‘‘ کے عنوان پر مقررین نے خطاب کیا اور کشمیر کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے کیا ۔
پیر سید فیاض الحسن نے پروگرام کی صدارت کے فرائض انجام دیئے جبکہ ممبر او پی ایف سعودی عربیہ محمد اصغر قریشی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے سیمینار میں شرکت کی۔نعیم عباسی اوورسیز پاکستانی ویلفیئر کونسل، مہتمم الحرا ایجوکیشن اینڈ کلچرل سینٹر مسعود اختر ہزاروی ،ریاض کومڑوی فوکل پرسن منسٹری آف اووسیز پاکستانی،تحسین گیلانی جموں کشمیر لبریشن فرنٹ،کشمیری حریت رہنما نذیر احمد قریشی ،پروفیسر راجہ ظفر خان و دیگر مقررین نے بھی سیمینار سے خطاب کیا اور بھارت کی بربریت ، عظیم کشمیری رہنما یاسین ملک پر جیل میں تشدد ، ٹارچر ،مبینہ پھانسی دیئے جانے ،کشمیر میں بھارتی مظالم ، اور بھارت کے اصل چہرے کو دنیا بھر کے سامنے لانے کا اعادہ کیا ، مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرکا بیٹا اور لیڈر یاسین ملک کے معاملے میں بھارت عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے ،مقبول بٹ کی طرح یاسین ملک کو جیل میں پھانسی دینے کیلئے پر تول رہا ،اور بے گناہ کشمیریوں کی قتل و غارت میں بھی مصروف ہے ۔ دنیا بھر میں تمام انسانی حقوق کی تنظیموں کوبھارت میں کشمیریوں کے قتل عام پر مذاحمت اور مداخلت کرنی چاہئے اور کشمیریوں کو ان کے حقوق بھی دلوائے جائیں ۔ڈی نیوز 24 ٹی وی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہم کشمیریوں کو ان کے حقوق دلوانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں ، ہم امید کرتے ہیں کہ جلد عالمی حقوق کی تنظیمیں ہماری بات سنیں گی ۔مقرین کا مزید کہنا تھا کہ بس بہت ہوگیا اب بھارت کو کشمیر میں شب و خون مارنے نہیں دیں گے ، ہم بھارت کے اس عمل اور عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے پر شدید مذمت کرتے ہیںاور یاسین ملک کے حق میں بھرپور تحریک بھی چلائی جائے گی ، تقریب کے اختتام پر کشمیر سمیت پاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا ئیں کی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے