میرپور اور سمندر پار کشمیریوں کیلئے خوشی کا دن ، ہریام برج دوبارہ تعمیر ہوگا

وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کی کاوشیں رنگ لے آئیں ایکنک نے 9ارب سے زائد رقم کی منظوری دیدی
میرپور(رپورٹ: ڈی نیوز 24ٹی وی ) آزادکشمیر کے وزیر امور منگلا ڈیم و منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری قاسم مجید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کی ذاتی دلچسپی سے متاثرین منگلا ڈیم اور اہلیان ڈویژن میرپور کا درینہ مطالبہ رٹھوعہ ہریام برج کی دوبارہ تکمیل کے لیے ایکنک نے 9ارب 23کروڑ 95لاکھ 34ہزار روپے کی منظوری دے دی ہے جو اہلیان میرپور اور اوورسیز کشمیریوں کے لیے بڑا خوشی کا دن ہے اور اس کا تمام تر کریڈٹ وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کوجاتا ہے جنھوں نے وفاقی حکومت کے ساتھ آزادکشمیر کے درینہ مسائل اٹھائے اور وفاق اور آزادکشمیر کے وزراء پر مشتمل کئی کمیٹیاں بنائیں۔رٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل کے لیے وزیر اعظم نے میری سربراہی میں کمیٹی قائم کی جس پر میں وزیراعظم اوروزراء حکومت چوہدری اظہر صادق ،چوہدری ارشد حسین اور چوہدری یاسر سلطان کا بھی شکرگزار ہوں جنھوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔انھوں نے کہاکہ موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر)وقار احمد نور کے بھی شکرگزار ہیں جنھوں نے اس منصوبہ کی تکمیل کے لیے بھرپور معاونت کی۔وزیر حکومت چوہدری قاسم مجید نے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری،وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف،وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق،صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری،قومی سلامتی کے جملہ اداروں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے اس منصوبہ کی تکمیل میں خصوصی دلچسپی لی۔
انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ میرپور کی تعمیر و ترقی اور معاشی سرگرمیوں میں گیٹ وے ثابت ہوگا ہم میرپور شہر کو ایک خوبصورت اور جدید شہر بنائیں گے۔انھوں نے کہاکہ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کی قیادت میں ریاست گیر ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جارہے ہیں ماضی میں رٹھوعہ ہریام پل جیسے قومی اہمیت کے جن منصوبوں کو نظر انداز کیا گیا ہماری حکومت نے انہیں اپنی صف اول کی ترجیحات میں رکھا 14ماہ اس پر مسلسل کام کیا اور اللہ کے فضل سے ہمارا تیار کردہ نظرثانی منصوبہ ہماری خواہشات کے مطابق ایکنک سے منظور ہوگیا۔ وہ یہاں کشمیر پریس کلب میں پرہجموم پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے مرکزی رابطہ سیکرٹری عامر ذیشان جرال اورچیئرمین میونسپل کمیٹی چکسواری نعیم ندیم روپیال بھی موجود تھے۔وزیر حکومت چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ رٹھوعہ ہریام پل قومی نوعیت کا حامل منصوبہ تھا جو ماضی کی حکومتوں کی لاپروائی کی نظر ہوا ہماری حکومت کی اولین ترجیح تھی کہ ہم سب سے پہلے قومی نوعیت کے نامکمل منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں ہم نے دن رات ایک کرکے رٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا اوراس کی تکمیل کو بطور چیلنج قبول کیا۔انھوں نے کہا کہ پل کی تکمیل میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بہت سے مسائل پیدا ہوگئے تھے لیکن وزیر اعظم چوہدری انوار الحق اور میرپور ڈویژن کے جملہ اراکین اسمبلی اس کو مکمل کرنے کے لیے پر عزم تھے ہم سب نے ایک ٹیم اور خاندان کے طور پر کام کیا۔قانونی،مالیاتی اور تکنیکی امور کو ایک ایک کرکے یکسو کیا۔وزیر حکومت چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ قانونی رکاوٹیں دور ہوچکی ہیں فنڈز کا اہتمام کردیا گیا ہے۔وزیر حکومت نے کہاکہ ہماری محکمانہ ٹیم نے جو منصوبہ بندی کی ہے۔پلاننگ کمیشن اور ایکنک نے من و عن منظور کردیا ہے انھوں نے کہاکہ یہ منصوبہ مستقبل میں آزادکشمیر اور پاکستان کی پہچان ثابت ہوگا جس سے سفر ی سہولیات کے ساتھ ساتھ کاروبار،سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔انھوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر این ٹی ایس کے ذریعے تین ہزار ٹیچر میرٹ پر بھرتی کرے گی۔شعبہ صحت اور دیگر اداروں میں اصلاحات لائی جارہی ہیں۔10ارب روپے کی لاگت سے سوشل پروٹیکشن فنڈ قائم کیا ہے۔حکومت اعلانات کرنے کی بجائے عملی اقدامات کررہی ہے اور اس کا واضح ثبوت رٹھوعہ ہریام برج کی عملی تکمیل کے لیے فنڈز کی منظوری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے