لوٹن : جامعہ اسلامیہ غوثیہ میں عظیم الشان محفل میلاد ﷺ کا انعقاد

41ویں سالانہ محفل میں برطانیہ ،پاکستان سے عالمی شہرت یافتہ ثنا خوانِ مصطفی شریک،ولادتِ رسولﷺعقیدت و احترام سے منائی گئی
غیر مسلم کمیونٹی کی بھی شرکت ، حب رسول سے شرکاء کے دلوں کو منور کیا گیا ، مقررین کے ایمان افروز بیانات ، درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا
لوٹن ( رپورٹ: ڈی نیوز 24ٹی وی ) جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ میں 41ویں سالانہ محفل میلاد مصطفی ﷺکانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں برطانیہ اور پاکستان سے عالمی شہرت یافتہ ثنا خوانِ مصطفی نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور حضور اکرم ﷺکی ولادت باسعادت کی خوشی کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا ۔تفصیلات کے مطابق12ربیع الاول ولادت با سعادت حضرت محمد مصطفی ﷺرحمت اللعالمین کی مناسبت سے عظیم الشان محفل عید میلاد النبی ﷺ کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان اور برطانیہ سے عالمی شہرت یافتہ ثنا خوانِ مصطفیٰ بڑی تعداد میں شریک ہوئے ۔ خطیب ملت علامہ قاضی عبد العزیز چشتی ایم بی ای کی سربراہی میں جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ لوٹن میں محفل میلاد النبیﷺ کا اہتمام کیا گیا جہاں حضور اکرم ﷺکی ولادت باسعادت کی خوشی کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا۔ ڈپٹی ہائی کمشنر پاکستان کے علاوہ تقریب میں نہ صرف مسلم بلکہ دیگر کمیونٹی کے افراد بھی شریک تھے ۔واضح رہے کہ علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای کے زیر اہتمام ہر سال جامعہ اسلامیہ غوثیہ میں جشن میلاد مصطفی ﷺکا انعقاد کیاجاتا ہے جس میں نہ صرف برطانیہ بلکہ پاکستان بھر سے علماء و نعت خواں شریک ہوتے ہیںاور حب رسول سے شرکاء کے دلوں کو منور کرتے ہیں۔

محفل مصطفی ﷺمیں پاکستان ہائی کمیشن لندن سے ڈپٹی ہائی کمیشن شریک ہوئے جبکہ اراکین پارلیمنٹ ، لارڈ، کونسلرز ، لیڈر آف لوٹن بارو ، پولیس کے انتظامیہ کے اہم عہدیداران نے بھی شرکت کی جبکہ تقریب کی صدارت کے فرائض علامہ سید مظہر حسین گیلانی نے بخوبی انجام دیئے ۔گولڑہ شریف سے پیر نصیر الدین نصیر کے صاحبزادے خصوصی طور پر شریک ہوئے اور شرکا سے خطاب کیا ۔محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پڑھی گئیں ۔
یورپی مسلمانوں کے بے باک ترجمان علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای نے محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپﷺ کی حیات مبارکہ قرآن مجید فرقان عظیم کا عملی نمونہ ہے ۔ آپﷺ کو رسالت کے اعلان سے پہلے ہی صادق اور امین کے طور پر پکارا گیا۔ آپﷺ بطور والد ، بطور لیڈر ہر لحاظ سے بے مثال تھے جس کے باعث آپﷺ کی تعلیمات کی پیروی کی جاتی ہے۔علامہ سید مظہر حسین گیلانی نے کہا کہ امت مسلمہ کی وحدت وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ بھی واضح کیا کہ ملت اسلامیہ کا وجود اور اتحاد نبی پاکﷺ کی ذات پاک کا مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتنا حضورﷺ کی ذات سے تعلق مضبوط ہوگا اتنا ہی ملت میں اتحاد پیدا ہوگا ۔ الحاج شہباز قمر فریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکار ﷺکا میلاد امن وآشتی کا پیغام ہے ۔ میلاد منانے سے مسلم غیر مسلم سب کو فیض ملا ہے ۔کونسلر راجہ اسلم خان نے کہا کہ قرآن مجید فرقان عظیم تمام انسانیت کے لیے کوڈ آف کنڈکٹ ، ضابطہ حیات ہے ۔ ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ آپ ﷺ نے ہمارے لیے ہدایت کے سر چشمے قرآن اور سنت کو چھوڑا ہے ، آپ صلعم تمام بنی نوع انسان میں سب سے اہم ترین اور سب سے افضل رتبہ رکھتے ہیں اور ہمارا عقیدہ ہے کہ ان کے بعد کوئی رسول نہیں ۔لارڈ قربان حسین کا کہنا تھا کہ مذہب اسلام انسانیت اور انسانیت کے درد کو محسوس کرنے کی مرکزی تعلیم دیتا ہے اس لیے اس موقع پر کشمیری مسلمانوں کو بھی یاد رکھا جائے جن سے غیر انسانی سلوک روا رکھا جا رہا ہے ۔سابق میئر ریاض بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنی نوع انسان کی ہدایت اور رہنمائی کے لیے آپ ﷺکی تشریف آوری ہوئی آپ ﷺنے ہجرت کی رات حضرت علی شیر خدا کو اپنے بستر مبارک پر لٹا کر اور حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کو اپنا ہم سفر بنا کر ان کی عقیدت و محبت اور وفا کا صلہ دیا اس کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی ایمان افروز خطابات کئے ۔عاشقان رسول نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ رسالت مآب ﷺکی تعلیمات کو مشعل راہ بنا کر دوسری تہذیبوں کو اپنے عمل سے ایک مثبت پیغام دیا جائے گا کہ اسلام پرامن دین ہے جو انسانیت سے محبت کا پیغام دیتا ہے۔
دیگر شرکا میں شرکاء میں قاضی ضیاالمصطفیٰ، افتخار رضوی، مولانا قاضی عبدالرشید چشتی، مولانا حافظ محمد فاروق چشتی، سابق میئر حافظ یعقوب حنیف، ناصر وارثی، حسین شہید سرور، راجہ بشارت، شاہد زمان سرہوٹوی، چوہدری محمد عظیم، چوہدری محمد آصغر، حاجی محمد منیر، چوہدری حبیب الرحمٰن، ملک غلام محی الدین، پروفیسر ممتاز بٹ، پروفیسر امتیاز چوہدری، مولوی خورشید بٹ، مہربان ملک، خوشید مغل، جاوید احمد قادری، محمد زاکر، صوفی کرامت حسین، حاجی راجہ منشی خان، اسرار بٹ، محمد رفیق ملک، عبدالغفور حمیدی، محمد فیاض قریشی، راجہ محمد یعقوب، محمد عرفان، آزاد پروانہ، خلیفہ محفوظ بٹ سمیت ہزاروں کی تعداد میں کمیونٹی نے شرکت کی۔محفل میلاد مصطفی ﷺ میں مقررین کے خطابات کے بعد رسول اقدس احمد مجتبیٰ ﷺ کے حضور درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا جس کے بعد علامہ قاضی عبد العزیز چشتی ایم بی ای نے رقت آمیز دعا کروائی۔محفل میں شریک تمام حاضرین کے لئے لنگر کا خاص انتظام تھا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے