پروفیسر ممتاز بٹ کے زیر اہتمام النور فائونڈیشن کی چیرٹی تقریب منعقد

النور فائونڈیشن کیلئے برطانیہ بھر سے خطیر امدادی رقم جمع ، یتیموں ، مسکینوں ،بیوہ خواتین اور غربا کی امداد کی جائیگی
ہماری کوشش ہے کہ ملک سے غربت کا خاتمہ ہو ،ہنر مند معاشرہ ملک و قوم کا نام روشن کرے‘چیئر مین النور فائونڈیشن
لوٹن ( رپورٹ/ڈی نیوز 24ٹی وی ) پروفیسر ممتاز بٹ کی جانب سے النور فائونڈیشن کیلئے چیرٹی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی ، سماجی سمیت برطانیہ کی دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی ۔ ضلع کوٹلی آزاد کشمیر میں قائم چیرٹی ادارہ النور فائونڈیشن یتیموں ، مسکینوں ،بیوہ خواتین اور غربا کی امداد میں ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے ، اس کے علاوہ مفت تکنیکی تعلیمی سہولیات ، اسلامی تعلیم ، مستحقین میں مفت عید پیکجز اور صحت کے علاوہ دیگر سہولیات بھی مہیا کرتا ہے۔ ادارہ کی پالیسی کے مطابق غریب افراد میں رقوم کی تقسیم سے انکو مزید محتاج بنانے کی بجائے ہنر سکھایا جاتا ہے تاکہ وہ نہ صرف ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں بلکہ کمیونٹی کی خدمت میں بھی اپنا حصہ ڈالیں۔النور فائونڈیشن آزاد کشمیر کے دور دواز پہاڑی علاقوں کےمکین جو کم پڑھے لگے ہیں ان میں ’’Skill Development‘‘ پروگرام کی رسائی کو آج ممکن بنا رہا ہے تاکہ وہ افراد اپنے پیروں پر کھڑے ہوں اور با عزت طریقے سے اپنے گھر اور خاندان کی کفالت کرسکیں۔
تفصیلات کے مطابق لوٹن میں النور فائونڈیشن کیلئے پروفیسر ممتاز بٹ کی جانب سے چیرٹی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں غریب ، نادار افراد کیلئے خطیر رقم اکٹھی کی گئی ۔ چیئر مین النور فائونڈیشن مخدوم زادہ پیر سید اکرام حسین شاہ بخاری سمیت ،قاضی عبد العزیز چشتی ایم بی ای ، میئر آف لوٹن یعقوب حنیف ، سابق میئر لوٹن ریاض بٹ سمیت اعلیٰ شخصیات موجود تھیں۔ پیر سید اکرام حسین شاہ بخاری نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملک سے غربت کا خاتمہ ہو اور کوئی بھی نوجوان یا عورت بجائے غریبی کی چکی میں پسنے کے اپنے پیروں پر کھڑے ہوں اور اپنے ہنر سے ملک و قوم کا نام روشن کرے۔سابق میئر ریاض بٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں اس نوعیت کے چیرٹی ٹرسٹ کا ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ پہاڑی علاقوں اور گائوں کے رہنے والوں کی اکثریت تعلیم اور دیگر سہولیات سے محروم ہے وہاں گھر گھر تعلیم کی فراہمی النور فائونڈیشن کا احسن اقدام ہے ۔ تقریب کے اختتام سے قبل دعائے خیر مانگی گئی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے