بین الاقوامی علما و مشائخ ،مذہبی ، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت اہلیان لوٹن کثیر تعداد میں شریک،آمد ِ سرکارﷺ عقیدت و احترام سے منایا
مساجد و مدارس مزید فعال اور وقت و حالات کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی ضرورت ہے، حضرت سلطان پیر فیاض الحسن سروری قادری
لوٹن ( رپورٹ: ڈی نیوز 24) ماہ مبارک ربیع الاول اور ولادت با سعادت رسول کریم ﷺ کی مناسبت سے الحرا ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر میں محفل عید میلاد النبی ﷺ کا عظیم الشان اہتمام کیا گیا جس میں بین الاقوامی علما و مشائخ ،مذہبی ، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت لوٹن کمیونٹی کے سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور آمد ِ سرکارﷺ انتہائی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا ۔ تفصیلات کے مطابق پیر نیاز الحسن سروری قادری کی زیر صدارت لوٹن میں واقع الحرا ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر میں 12ربیع الاول کی مناسبت سے عالیشان محفل عید میلاد النبیﷺ کا انعقاد ہوا جس میں ڈائریکٹر تکبیر ٹی وی اور امام و ڈائریکٹر الحرا ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر پروفیسر مسعود اختر ہزاروی ،علامہ ساجد محمود ، محمد ظفر اقبال جلالی ، صاحبزادہ ابوبکر سلطانی ،امام عاصم حسین اور امام اسد علی سمیت جید علمائے کرام اور اہلیان لوٹن نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ تقریب کے آغاز میں خوبصورت اور مسحور کن آواز میں نعتیہ اشعار اور قصائد پڑھے گئے ۔
حضرت سلطان پیر فیاض الحسن سروری قادری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے پیش آمدہ مسائل کو نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی دی ہوئی تعلیمات کی روشنی میں حل کرنے کی طرف توجہ مبذول کرائی۔انہوں نے اخلاقی اقدار کی اہمیت پر روشنی ڈالی،حسن وخلق اپنانے کی تلقین کی۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹوں پر شفقت، بڑوں کا ادب اور طبیعت میں نرمی جیسی صفات معاشرے کو خوشگوار بناتی ہیں جبکہ بد اخلاقی کا نتیجہ ہمیشہ منفی اور خطرناک ہوتا ہے۔معاشرتی انتشار کا بڑا سبب اخلاقی قدروں کا پامال ہونا ہے۔ انہوں نے مساجد و مدارس کی اہمیت بیان کرتے ہوئے انہیں مزید فعال اور وقت، حالات کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ہمارا ایک ہاتھ نبی ﷺجبکہ دوسرا علی ؓکیلئے اٹھتا ہے ، جس نبیﷺ نے علی کو مولا ؓ بنایا ان کا کردار دیکھیں کہ جب صدیق اکرم ؓ خلیفہ بنے تو علی مشیر بن گئے ۔ ان کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی محفل عید میلاد النبیﷺ سے فکر انگیز خطابات کئے ۔ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم میں درور و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا جبکہ شرکا نے پیارے نبی آقائے نامدار ﷺسے محبت اور وفاداری کا ثبوت دیا۔تقریب کے اختتام پر رقت آمیز دیا بھی کرائی گئی ۔