معراج النبیﷺ کا اصل پیغام نماز ہے، ادائیگی میں غفلت نہ کی جائے،علما

جامع مسجد الحرالوٹن (جامعہ الحرا ایجوکیشن کمپلکس)میں محفل معراج مصطفیٰﷺ کانفرنس کا انعقاد
لوٹن ( رپورٹ: ڈی نیوز 24)شب معراج کی مناسبت سے لوٹن میں واقع جامعہ الحرا میں عظیم الشان معراج النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میںمعروف علماو مشائخ ، دینی و مذہبی شخصیات ، سیاسی وسماجی شخصیات سمیت کمیونٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی اوررسول خدا ﷺ کی شان عظیم میں قصیدے پڑھے ۔ رسول کریم ﷺ کے حضور درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ الحرا ایجوکیشن کمپلکس میں معراج النبی کانفرنس کا ا نعقاد ہوا جس میں برطانیہ بھر سے لوگوں نے بھرپور تعداد میں شرکت کی ۔ تقریب میں حافظ محمد ارشد سلطانی ، قاری محمد اجمل قادری ، حافظ محمد ضیا ، حافظ ساجد محمود کے علاوہ سیاسی ، سماجی و دیگر شخصیات نے شرکت کی ۔ علامہ مولانا ساجد نقشبندی کی سربراہی میں منعقد ہونیوالی اس پُر نور محفل سے علامہ حافظ محمد ارشد سلطانی نے خصوصی خطاب کیا اور رسول ِ خدا ﷺ کی سیرت پر گہری روشنی ڈالی ۔ ان کاکہنا تھا کہ نمازوں کی ادائیگی میں کبھی غفلت اور سستی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔

آج دنیا میں دجالیت اور دہشت گردی کو فروغ حاصل ہو رہاہے فتنہ دجالیت سے محفوظ رہنے کے لیےنبی کریمﷺ نے سورہ کہف کی تلاوت کی تلقین فرمائی ہے انہوں نے مزید یہ زور دیاکہ قرآن مجید فرقان عظیم کی تلاوت اور حروف کی ادائیگی درست طور پر کرنی چاہئے ۔علامہ مولانا ساجد نقشبندی نے معراج شریف کی عظمت کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ نبی کریم ﷺ جب معراج پر تشریف لے گئے تھے تو نماز کا تحفہ لائےاس لیے فرمایا نماز مومن کی معراج ہے۔ ہماری حیثیت سے بڑھ کر یہ معراج ہے ۔ہمارے لیے یہ بھی معراج ہے کہ وضو کرتے ہیں اور نماز کے مختلف مناسک ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا مسلمانو اس سامان کی حفاظت کرو جو ساتھ جائے گا مال و دولت تو یہیں رہ جائے گا ۔تقریب کے اختتام پر خصوصی دعا بھی کی گئی جبکہ مقررین نے ڈی نیوز 24سے خصوصی گفتگو بھی کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے