لوٹن میں ہر سال اس میلے کا انعقاد کیا جاتا ہے ،کورونا وبا کے دوران یہ میلہ 3 سال تک نہ سج سکا
دیسی فیسٹ میلے میں بچے اور والدین خوشگوار موسم ،میلے کی رنگینیوں سے لطف اندوز ہوتے رہے
لندن ( رپورٹ/اسرار احمد راجہ ) برطانوی ریاست لندن کے قرب میں واقع لوٹن ٹائون میں ہر سال (دیسی فیسٹ میلہ ) کا انعقاد کیا جاتا ہےمگر کورونا وبا کے باعث گزشتہ تین سالوں سے یہ میلہ نہ سج سکا۔اور اب امسال بارو کونسل کے تعاون سے (دیسی فیسٹ ) میلے کا دوبارہ انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق لوٹن ٹائون میں دیسی فیسٹ کے نام سے میلہ سجایا گیا جس میں تمام کمیونٹیز کے افراد نے میلے کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا جبکہ میلے میں شریک تمام افراد خواہ وہ بچے ہوں یا والدین خوشگوار موسم اور میلے کی رنگینیوں سے لطف اندوز ہوتے رہے ۔
لوٹن میں ہر سال میلے کا انعقاد کیا جاتا رہا ہے مگر کووڈ کے دوران یہ میلہ نہ سج سکا ، اب تین سال بعد بارو کونسل کے تعاون سے میلے کا دوبارہ انعقادہوا۔ اسٹاک ووڈ پارک کے وسیع و عریض گرائونڈ میں مختلف اسٹال لگائے گے جس میں نہ صرف مختلف انواع کے کھانے ، خواتین و بچوں کے اسٹاک کے علاوہ صحت سے آگاہی ،این ایچ ایس اور دیگر تنظیموں کے ارکان و ڈاکٹرز موجود تھے جنہوں نے شرکا کا بلڈ پریشر ، شوگر اور دیگر ٹیسٹ کئے اور عوام کو ان کی صحت کے بارے میں مفید مشورے دیتے رہے ۔
دیسی فیسٹ میں مرکزی اسٹیج سجایا گیا جس پر مختلف کمیونٹی کے فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ، اس میں انگریزی گانوں کے علاوہ قوالی اور پوٹھو ہاری شعر خوانی کا بھی مقابلہ کیا گیا جسے لوگوں نے خوب پسند کیا ۔اس میلے کے شرکاء و منتظمین نے میلے سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ ایسی سرگرمیوں سے مختلف کمیونٹیز کے افراد کو ملنے جلنے کا موقع میسر آتا ہے ، خوشگور موسم میں ایسا پروگرام یقیناًمزے کو دوبالا کر دیتا ہے ۔(ڈی نیوز 24ٹی وی لوٹن )
