اوائل اسلام کے وقت مہاجرین اور انصار نے بڑی قربانیاں دیں، پیر سید محی الدین محبوب قادری

لوٹن:پاکستان سے آئے عالمی مبلغ اسلام، سجادہ نشین خانقاہ محبوب آباد شریف حویلیاں پیر سید محی الدین محبوب حنفی قادری کاظمی نے جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن میں علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای کی دعوت پر خصوصی خطبہ دیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ان مہاجرین اور انصار کا خصوصی طور پر زکر کیا جنہوں نے اوائل اسلام میں قربانیاں دیں، انہوں نے کہا کہ یہ وہ خوش نصیب جماعت تھی جس کو حضور اکرمﷺ کی صحبت نصیب ہوئی، انہوں نے کہا کہ مہاجرین وہ لوگ ہیں جنہوں نے اسلام کے ابتدائی زمانہ میں مشکلات کے دور میں نبی کریمﷺ کی حمایت کی اور مصائب کا سامنا کیا،جنہیں نیک کاموں میں سبقت ملی ، انہوں نے بتایا کہ عورتوں میں سب سے پہلے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا ، بچوں میں حضرت علی رضی اللہ عنہ، مردوں میں حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ، غلاموں میں حضرت زید رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اسلام قبول کیا۔ ان کی سبقت مشکل ترین وقت میں تھی، ان کی سبقت فرشتوں کی مانند ہے، آج لوگوں کی اکثریت مال ودولت اور جاہ و حشمت کی سبقت کے لیے لگی ہے جب کہ اسلاف نے نیک کاموں میں سبقت حاصل کی، آج بھی علماء کرام و مشائخ ایسے ہیں جو دین کے کاموں میں سبقت کے لیے کوشاں ہیں۔ علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای نے مہمان گرامی کا خیر مقدم کیا، انہوں نے امام کی خوبیوں کو بیان کیا کہ جو نیکی کی دعوت دیتا ہے اور خوف خدا کو اجاگر کرتا ہے، اہل بیتؓ لوگوں کی ضروریات زندگی کو ان کی دہلیز پر پہنچاتے تھے، مہاجرین اور انصار کی پیروی کی جائے، مومنین قیامت تک ان کی پیروی کرتے رہیں گے، انہوں نے حقیقی صحابیوں اور معنوی صحابیوں کے فرق کو واضح کیا۔ قاری محمد کامران نے بارگاہ اقدسﷺ میں درودوسلام کا نزرانہ پیش کیا۔ آخر میں پیر سید محی الدین محبوب حنفی قادری کاظمی نے شام، فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کیلئے دعا کرائی۔ سابق ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسلر راجہ محمد اسلم خان، ریاض بٹ، طارق چوہدری، قاضی ضیاء المصطفیٰ، قاضی سراج المرتضیٰ، محمد عرفان، ممتاز بٹ، محمد فیاض قریشی، چوہدری صفدر حسین، صوفی محمد رشید، راجہ خوشحال خان، پروفیسر سید گلزار بخاری، حاجی شیر خان، راجہ جاوید، راجہ غلام حسین، محمد فرید کاظمی، حاجی نذیر عباسی،حاجی عید امین، حاجی بابو اللہ دتہ، ندیم اصغر، راجہ محمد اصغر، قاضی انعام السعید، ذاکر خان، چوہدری عبدالقیوم، چوہدری قربان، چوہدری مسعود، راجہ خورشید اور دیگر نے محفل میں شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے