اسلام آباد:آزاد جموں وکشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بیرون ملک بالخصوص جنوبی افریقہ میں مقیم کشمیریوں پر زوردیاہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور بھارت کے جموں و کشمیر میں جاری مظالم دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کیلئے کمر بستہ ہو جائیں ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کشمیر سوسائٹی سائوتھ افریقہ کے صدر حق نواز سے ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کہاکہ 5 اگست 2019 سے کے بعد سے بھارت نے کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کر دی ہے۔ مقبوضہ وادی میں مظلوم کشمیریوں کو اپنے گھروں میں قید کر رکھا ہے۔ اس وقت کشمیری عوام اپنی مرضی کے مطابق اپنے گھروں سے بھی نہیں نکل سکتے۔انہوں نے کہاکہ بھارت آئے روز مظلوم کشمیریوں پر ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے ہے، کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا جا رہا ہے اور قید کر کے غیر انسانی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدی نے کہاکہ ایسے حالات میں دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارت کے ان مظالم کے خلاف اکٹھے ہو کر اپنی آواز بلند کریں تاکہ دنیا کو بھارت کا یہ گھنائونا چہرہ نظر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی سطح پر بھی دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے جس کے واضح ثبوت کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹرڈو نے کینیڈین پارلیمنٹ میں پیش کیے کیونکہ بھارت کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ملوث ہے، اس لئے بیرون ملک بالخصوص جنوبی افریقہ میں مقیم کشمیری بھارت کے دہشت گردی والے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے آشکار کریں۔