سرینگر: مقبوضہ کشمیرکی نو منتخب اسمبلی میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رکن وحید الرحمان پرہ نے دفعہ 370 اور علاقے کی خصوصی حیثیت کی بحالی کی قرارداد پیش کردی۔وحید پرہ نے قرارداد نیشنل کانفرنس کے رہنما عبدالرحیم راتھر کے اسمبلی کا سپیکر منتخب ہونے کے موقع پر قرارداداپیش کی جس پر بی جے پی ارکان نے شدید احتجاج کیا جبکہ محبوبہ مفتی نے قرارداد پیش کرنے پر وحید پرہ کی تعریف کی ہے ۔ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداﷲ نے قراردادپیش کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ370پر کوئی فرد واحدیکطرفہ طور پر فیصلہ نہیں کرسکتا۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری یوم شہداء جموں 6نومبربدھ کو منائیں گے یہ دن آزاد جموں کشمیر،پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری شہداء کی یاد میں منایا جاتا ہے ۔6نومبر1947ء کو ڈوگرہ فوج اور ہندو بلوائیوں نے ہجرت کرکے پاکستان آنے جموں کے مسلمانوں کو ایک سازش کے تحت قتل کیا تھاجن کی تعداد دو لاکھ سے زائد تھی ،ان مظلوم کشمیریوں کی یاد میں کشمیری عوام یوم شہداء جموں مناتی ہے ۔مقبوضہ جموں وکشمیر میں نام نہاد اسمبلی اجلاس کی وجہ سے پابندیاں مزید سخت کردی گئی ہیں،قابض فورسزنے سرگرمیوں میں اضافے کی آڑ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں متعدد نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں جسٹس ڈیفنڈرز سٹریٹیجک سٹڈیز سنٹر (ASSAM) کے زیر اہتمام 8ویں انٹرنیشنل ماڈل اسلامک یونین کانگریس ترکی کے شہر استنبول میں اختتام پذیر ہو گئی جس میں تنازعہ کشمیر سمیت اہم عالمی مسائل پرتبادلہ خیال کیاگیا، ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے ’’کشمیر کے حوالے سے امریکی پالیسی: مدد یا رکاوٹ‘‘ کے موضوع پر ایک مقالہ پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے سے بین الاقوامی قانون کے احترام میں اضافہ ہوگااور خطے میں استحکام کو فروغ ملے گا۔علاوہ ازیں چیئرمین کشمیرکونسل یورپ علی رضا سید نے معروف پاکستانی دانشور اور اسکالر پروفیسر ڈاکٹر اسلم سید کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزے ت کا اظہار کیا ہے ۔اپنے تعزیتی بیان میں علی رضا سید نے کہا ہے کہ ہم پروفیسر ڈاکٹر اسلم سید کے انتقال پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔