لوٹن: یوم آزادی کی مناسبت سے عظیم الشان تقریب منعقد

نمائندہ پاکستان ہائی کمیشن ،سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر ،ایم پیز ، میئر ، کونسلرز ، سیاسی ، سماجی و مذہبی رہنماشریک

لوٹن ( رپورٹ : ڈی نیوز 24ٹی وی ) یوم آزادی پاکستان کے سلسلے میں خطیب ملت قاضی عبد العزیز چشتی ایم بی ای کی جانب سے تقریب کا اہتما م کیا گیا جس میں فرسٹ سیکریٹری پاکستان ہائی کمیشن لندن ایاز خان سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی ۔ تفصیلات کے مطابق 14اگست (یوم آزادی پاکستان ) کی مناسبت سے جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن کے بانی علامہ قاضی عبد العزیز چشتی ایم بی ای کی جانب سے عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان ہائی کمیشن لندن کے فرسٹ سیکریٹری ایاز خان نے خصوصی شر کت کی جبکہ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان ، رکن پارلیمنٹ راجہ محمد یٰسین،سارہ اوون کے علاوہ دیگر ایم پیز ، میئر ، کونسلرز ، سیاسی ، سماجی و مذہبی رہن رہنمائوں سمیت ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی ۔قومی ترانے کے اختتام پرہال پاکستان زندہ آباد کے نعروں سے گونج اٹھا ۔اسٹیج کے عقب میں لگی بڑی اسکرین پر سبز ہلالی پرچم لہراتا رہا جبکہ علامہ محمد اقبال کے مختلف اقوال بھی لوگ اسکرین پر پڑھتے رہے ۔

علامہ قاضی عبد العزیز چشتی ایم بی ای نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے دوران جب ہماری قوم پریشانی اور بے بسی کے عالم میں تھی ہائی کمیشن پاکستان نے ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کیا ۔اور آج بھی ہماری ایک کال پر ہائی کمیشن ایکشن لیتا اور کمیونٹی کی خدمت کرتا ہے ۔ فرسٹ سیکریٹری پاکستان ہائی کمیشن لندن ایاز خان نے کہا کہ تقریب میں مدعو کئے جانے پر میں قاضی عبد العزیز چشتی ایم بی ای کا شکرگزار ہوں ،پاکستان کی آزادی میں حصہ لینے والے شہیدوں کو کبھی نہ بھولیں وہ ہمارے ہیروز ہیں ، ہماری آزادی میں ان کا خون شامل ہے ۔
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پاکستان ہماری شان اور پہچان ہے ، ہم سب کو مل کو پاکستان کو بنانے اوراسے آگے لے جانے کی کوشش کرنی چاہئے، پاکستان کی تحریک آزادی میں کشمیریوں کا بہت واضح کردار رہا ہے ، کشمیری عوام پاکستان کا اثاثہ اور محب وطن شہری ہیں ۔ اس کے علاوہ دیگر اعلیٰ شخصیات نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور یوم آزادی کے حوالے سے فکر انگیز گفتگو کی ۔
تقریب میں پاکستان کی 77ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا جبکہ پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے