لوٹن : رحمت للعالمین کانفرنس کا انعقاد، علما و مشائخ کی شرکت

شیخ الحدیث مولانا سعید یوسف خان مہمان خصوصی ،دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا
لوٹن : جمعیت علما برطانیہ کی جانب سے رحمت للعالمین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں عاشقان رسول نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا ۔تفصیلات کے مطابق لوٹن کے مقامی چلٹرن ہوٹل میں امیر جمعیت علما برطانیہ مفتی خالد محمود کی زیر صدارت عظیم الشان رحمت للعالمین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں عاشقان رسول کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔ تقریب کے آغاز میں تلاوت قرآن پاک کی گئی اور رسول کریمی ﷺ کی شان میں ہدیہ نعت بھی پیش کی گئی ۔

امیر جمعیت علماء اسلام جموں وکشمیر اور عالم اسلام کی معروف شخصیت شیخ الحدیث حضرت مولانا سعید یوسف خان نے محفل میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ دیگر شرکا میں نائب صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان ،ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز،انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد،صدر اتحاد تنظیمات دینیہ کشمیر،ممبرہائوس آف لارڈز قربان حسین ،یادگار اسلاف حضرت مولانا عبدالرشید رحمانی سرپرست اعلیٰ جمعیت علماء برطانیہ، علمی وروحانی بزرگ رہنما حضرت مولانا مفتی عبد الحنان ،برطانیہ کے معروف خطیب امام عطاءاللہ خان جنرل سیکریٹری جمعیت علماء برطانیہ ،حضرت مولانا امداد الحسن نعمانی برمنگھم، مولانا ابراہیم ،مولانا طارق مسعود صدر کشمیر رابطہ کمیٹی برطانیہ ،مفتی زبیر اکبر چیئر مین علماء ومشائخ برطانیہ،مولانا عمر نذیر،مولانا محمد ثاقب،حافظ راشد ،مولانا عاطف،قاری نیاز احمد ، مولانا ذکریا،قاری علی ایوب ،مولانا نعمان، مولانا احمد قاضی،حافظ اکرام راچڈیل،ڈاکٹر محمد الیاس خان چیئر مین ڈاکٹرز فورم جمعیت علماء برطانیہ ،مفتی حسن ،مولانا نور الامیر ،مولانا عبد المجید حمید گلاسگو،مولانا اسماعیل شاہ بولٹن ،مولانا محمد قاسم ،مولانا آفتاب قاری اظہار بر منگھم ،پروفیسر زاہد الحسینی ڈپٹی جنرل سیکریٹریجمعیت علماء بر طانیہ ،کونسلز ،علماء ومشائخ سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔

مہمان خصوصی مولانا سعید یوسف نے خوبصورت اور انداز میں سیرت نبی کے مختلف پہلو پر روشنی ڈالی تو محفل میں موجود حاضرین پر رقت طاری ہو گئی اور فرمایا کہ ہم سب کی دنیا اور آخرت کی کامیابی صرف اور صرف حضور پاک ﷺکی تعلیمات کے مطابق مکمل طور پر زندگی گزارنے پر ہی ممکن ہے ۔لارڈز قربان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علماء اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اسلام کے سافٹ امیج کو پوری دنیا میں اجاگر کریں ،ہم سب کتنے ہی خوش نصیب ہیں کہ اللہ پاک نے ہمیں اپنے پیارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا امتی بنایا ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رحمت العالمین ہیں اور آپ ﷺکو عطا کی گئی کتاب وہ آسمانی صحیفہ ہے جو پوری انسانیت کے لیے ہدایت اور رہنمائی کا سبب اور ذریعہ ہے۔

دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم نے اپنے بندوں کی ہدایت اوررہنمائی کے لیے لاکھوں انبیاء اور مرسلین بھیجے ،کسی کو ہمکلامی کا شرف بخشا، کسی کو مردہ زندہ کرنے کی طاقت دی ،کسی کو صفی اللہ، کسی کو کلیم اللہ، کسی کو خلیل اللہ اور کسی کو روح اللہ کے خطابات سے نوازا مگر سید الانبیا ﷺکو اپنا حبیب کا رتبہ اور مقام عطا فرمایا۔ آپ ﷺ اللہ سبحان اللہ کے محبوب، جامع الصفات بلکہ تمام انبیاء اور مرسلین کے اجتماعی اوصاف کے مالک ہیں۔حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت بندہ مومن کو نہ صرف اللہ کا محبوب بنا دیتی ہے بلکہ اس کے گناہوں کو معاف کرا دیتی ہے۔ قرآن مجید میں عبادات و معاملات کے متعلق صد ہا احکامات موجود ہیں۔ نبی کریم پر درود وسلام اللہ اور اس کے رسول اور فرشتے بھی پڑھتے ہیں اور مومنوں کو صلوۃ و سلام پڑھنے کا حکم دیا گیا ہے ۔پروگرام کے اختتام پر مخدوم العلماء حضرت مولانا قاری عبد الرشید رحمانی نے تمام امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعا فر مائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے