لوٹن :غوثیہ ٹرسٹ اور بسم اللہ چیریٹی کے اشتراک سے عشائیہ تقریب

سیاسی ، سماجی ، مذہبی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں افراد کی شرکت ، خطابات
فلاحی کاموں کو اکیلے ہی انجام دینا ممکن نہ تھا ، آج جو بھی کامیابی ملی ہے وہ ڈونرز کی وجہ سے ہی ممکن ہوئی،قاضی عبد العزیز چشتی
لوٹن ( رپورٹ/ڈی نیوز 24ٹی وی ) غوثیہ ٹرسٹ اور بسم اللہ چیریٹی کے اشتراک سے لوٹن میں عشائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق لوٹن میں جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ اور بسم اللہ چیریٹی کی جانب سے عشائیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں سیاسی ، سماجی ، مذہبی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں افراد نے شرکت کی ۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پڑھی گئی ۔
قاضی عبدالعزیز چشتی (ایم بی ای )کی سربراہی میں بسم اللہ چیریٹی گزشتہ 19سالوں سے پاکستان ،آزادکشمیر اور دنیا کے دیگر غریب اور پسماندہ ممالک میں فلاحی کام سر انجام دے رہی ہے ۔ تھلیسیما سے متاثر بچوں کو کراچی ، لاہور ،روالپنڈی اور میرپور آزادکشمیر میں مختلف سینٹرز میں علاج معالجہ کی مفت سروس مہیا کر رہے ہیں ۔ وطن عزیز میں سیلاب ،زلزلہ یا دیگر قدرتی آفات کی صورت میں قاضی عبدالعزیز چشتی ( ایم بی ای ) کی خدمات ہمیشہ پیش پیش رہتی ہیں ۔ بچوں اور بچیوں کی دینی اور دنیاوی تعلیم کے حوالے سے تعلیمی ادارے کا قیام اور یتیموں کی کفالت کے حوالے سے غوثیہ ٹرسٹ اور بسمہ چیریٹی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں ۔
فلسطین میں برپا قیامت صغرہ پر قاضی عبد العزیز چشتی جہاں بھرپور احتجاج کرتے نظر آتے ہیں وہیں غزہ میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے والے خاندانوں کیلئے بسمہ اللہ چیڑیٹی غذا ،پانی اور دیگر زندگی کی اشیائے ضروریات کا اہتمام کرتے نظر آتے ہیں ۔ چیڑیٹی ڈنر کا مقصد لوٹن کے مخیر حضرات کو رمضان کے مقدس مہینے میں صدقہ و خیرات سے زیادہ سے زیادہ فیوض و برکات حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنا تھا ۔ چیریٹی ڈنر میں حاضرین نے قاضی عبد العزیز چشتی ( ایم بی ای ) کی اپیل پر لبیک کہا اور دل کھول کر تعلیم ، تھیلیسیمیا ، غوثیہ مسجد ، اور غزہ کے مسلمانوں کے لیے عطیات دئیے ۔ عشائیے میں شریک حاضرین نے نہ صرف قاضی عبد العزیز چشتی کے فلاحی کاموں کی گواہی دی بلکہ ان کے زیر انتظام چلنے والے مختلف پروجیکٹ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے دیگر افراد کو بھی عطیات دینے کی ترغیب دی ۔عشائیہ تقریب میں لوگوں کی آگاہی کیلئے مختلف بینرز بھی آویزاں تھےجس پر عطیات کے حوالے سے مکمل تفصیلات درج تھیں ۔
بسم اللہ ٹرسٹ نے سال 2022میں سندھ کے سیلاب متاثرین کو راشن ، کھانا فراہم کیا ، عید قرباں میں مستحقین میں گوشت کی تقسیم بھی کی جاتی ہے ،موسم سرما کے دوران غربا میں مفت کمبل اور گرم ملبوسات تقسیم کئے جاتے ہیں۔رمضان المبارک میں سحری و افطار کے اہتمام جبکہ عید کے موقع پر مستحقین کو نئے کپڑے بھی دیئے جاتے ہیں ۔قاضی عبد العزیز چشتی ( ایم بی ای ) نے عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخلص لوگوں کے ساتھ چلنے کی وجہ سے ہی آج ہم لوگوں کی مدد کرپارہے ہیں میں اکیلے کچھ نہیں کرسکتا تھا آج غریب اور مستحقین کی مدد کرنے کیلئے ادارے نے جتنی بھی کوششیں اور کامیابی حاصل کی ہے وہ سب ڈونرز کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ہے۔سابق میئر لوٹن ریاض بٹ نے کہا کہ بسم اللہ چیرٹی اور غوثیہ ٹرسٹ فلسطین کی امداد کیلئے جو کوششیں کررہے ہیں وہ قابل تحسین ہے اور ہمیں ان چیرٹی اداروں پر مکمل بھروسہ اور اعتماد ہے ۔حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ لوگوں کا چیرٹی کیلئے بھرپور تعاون اور عطیات دینا اس بات کی دلیل ہے کہ لوگ غوثیہ ٹرسٹ اور بسم اللہ چیرٹی پر اعتماد اور بھروسہ کرتے ہیں ۔ راجہ اسلم خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کمیونٹی کی بھلائی اور مزید بہتری کیلئے آواز بلند کرنا ہوگی اور اس حوالے سے قاضی عبد العزیز چشتی کی کوششیں بے شک ایک مثال ہے۔اس کے علاوہ ج کمیونٹی کے دیگر افراداور مقررین نے عشائیہ تقریب سے خطاب کیا اور غوثیہ ٹرسٹ ، بسم اللہ چیرٹی کی کاوشوں کو خوب سراہا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان لوگوں سے اسی طرح فلاحی کام لے اور یہ لوگ کمیونٹی کے علاوہ غربا، مستحقین اور مسکینوں کی امداد کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے