لوٹن : عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی

ٹائون کی دیگر مساجد سمیت جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ میں عید الفطر کی نماز ادا ،بڑی تعداد میں نمازی شریک ہوئے
کشمیر ‘فلسطین کے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعائیں،شرکا کی دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد ،پیغامات ‘درود و سلام پڑھا گیا
لوٹن ( رپورٹ: ڈی نیوز 24ٹی وی ) دنیا بھر کی طرح برطانیہ کے شہر لوٹن میں بھی عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی ۔لوٹن کی دیگر مساجد سمیت جامعہ اسلامیہ غوثیہ میں عید کی نماز ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں نمازی شریک ہوئے جہاں کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ بورن روڈ پر واقع لوٹن کی مرکزی جامع مسجد جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ میں عید الفطر کی نماز ادا کی گئی جس میں بچوں ،نوجوانوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ پہلی بار برطانیہ بھر میں ایک ساتھ عید منائی گئی ،شرکا نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد اور پیغامات دئیے ۔نماز کے بعد فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں جس کے بعد تمام شرکا ایک دوسرے سے گلے ملے اور عید کی ڈھیر ساری مبارکبادیں دیں۔جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ کے بانی عبد العزیز چشتی ایم بی ای نے خطبہ پڑھا ،مسلمان کمیونٹی کے تمام افراد نے نبی کریم ﷺ کے حضور دور و سلام کا نذرانہ بھی پیش کیا جس سے فضا معطر ہوگئی، وطن عزیز بالخصوص کشمیر اور فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں ۔
علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای نے جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن میں نماز عیدالفطر کے اجتماع میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم نے ماہ رمضان کو نیکیوں کا مہینہ بنایا، اب رحمتوں کا یہ موسم بہار جدا ہوگیا ہے، دعاگو ہیں کہ اللہ کریم ہم سے راضی ہو، انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ تمام کامیابیوں کے بعد اللہ کا ذکر کریں اور نماز قائم کریں، انہوں نے کہا کہ اخروی زندگی میں کامیابی ہی اصل کامیابی ہے ،انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے روزے مکمل کیے اور عبادت کی وہ کامیاب ہوگئے، عید الفطرکا دن بشارتوں کا دن ہے، یہ بشارتیں ان لوگوں کیلئے ہیں جنہوں نے اپنی زندگیوں کو ماہ رمضان میں اسلامی سانچے میں ڈھالا، عید کا دن اہل ایمان کیلئے خوش خبریوں اور دعاؤں کا دن ہے، اس دن اپنے والدین۔
امت مسلمہ اور مظلوم فلسطینی عوام کیلئے دعا کریں، انہوں نے کہا کہ لوٹن کے مسلمان خوش نصیب ہیں کہ انہیں لوٹن بارو کا بڑا اعزاز دیا گیا اور یہ سینٹر اہلسنت کا ترجمان تسلیم کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر راجہ محمد اسلم خان نے عید پیغام دیا جب کہ سابق میئر ریاض بٹ نے کہا کہ جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن ایک انسٹی ٹیوشن ہے جہاں سے بچوں کے ساتھ نوجوانوں کو بھی تعلیم اور تربیت ملتی ہے ۔قبل ازیں قاضی تنزیل الرحمن نے ہدیہ نعت رسولﷺ پیش کیا۔ قاری محمد کامران نے دردو شریف پڑھا جب کہ پاکستان کے معروف قاری نجم المصطفیٰ نے درود و سلام کا نزرانہ بحضور خاتم النبیین ﷺپیش کیا ۔
عید اجتماع میں ڈاکٹر عادل علی خان، عباس بٹ،اسرار بٹ، صوفی کرامت حسین، پروفیسر ممتاز بٹ، مولانا قاضی عبدالرشید چشتی ، راجہ امتیاز، راجہ دولت، خان محبوب خان چشتی، عرفان خان، راجہ اصغر، راجہ رفیق، بیرسٹر رمیض رفیق، راجہ یعقوب خان، قاضی سراج المرتضیٰ، قاضی عطاالکبریا، خورشید بٹ، سید رضا علی، تنویر اقبال، فیاض قریشی، اعجاز بٹ، رفاقت علی، محمد فرید کاظمی، ڈاکٹر احمد میر، عبدالرشید میر، راجہ واحد خان ، سید رضا علی، محمد فرید کاظمی سمیت دیگر شریک تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے