لوٹن : بصارت سے محروم بچوں کی مفت تعلیم کیلئے افطار ڈنر ، فنڈ ریزنگ تقریب کا اہتمام

عقاب اسکول کو لوٹن کمیونٹی سے متعارف کرایا گیا ،شرکا نے نابینا افراد کی مفت تعلیم کے حصول کیلئے دل کھول کر امداد کی
پروفیسر الیاس ایوب خود بھی بصارت سے محروم ،مقصد بینائی سے محروم افراد کو مانگنے کی بجائے پڑھا لکھا شہری بنانا ہے
لوٹن ( رپورٹ: ڈی نیوز 24ٹی وی )سابق میئر لوٹن راجہ وحید اکبر کی جانب افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں عقاب اسکول کو کمیونٹی سے متعارف کرایا گیا اور ادارے کیلئے فنڈز بھی اکٹھے کئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے ضلع میر پور میں قائم عقاب اسکول کی جانب لوگوں کی توجہ مبذول کرانے کیلئے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جہاں عقاب اسکول کیلئے فنڈ ریزنگ بھی کی گئی ،شرکا نے نابینا افراد کی مفت تعلیم کے حصول کیلئے دل کھول کر امداد کی ۔ تقریب کے آغاز میں شرکا نے بڑی اسکرین پر اسی عقاب سکول کے بچوں سے نعت رسول ﷺ ادب و احترام سے سنی ۔تقریب میں عقاب اسکول کے پرنسپل پروفیسر الیاس ایوب ، ہائوس آف لارڈ کے مستقبل رکن لارڈ قربان حسین ، سابق مئیر لوٹن ریاض بٹ ، سابق ڈپٹی لیڈر راجہ اسلم خان ، سینئر صحافی و مدیر ساجد یوسف سمیت برطانیہ کی دیگر معروف سیاسی ، سماجی اور مذہبی شخصیات کے علاوہ خواتین و دیگر شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور دل کھول کر عطیات دئیے ۔
عقاب اسکول آزادکشمیر کے ضلع میرپور میں تعمیر ایسا شاہکار ہے جس میں بینائی سے محروم بچوں اور بچیوں کو مفت تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے ۔عقاب اسکول کے پرنسپل اور سرپرست پروفیسر الیاس خود بھی بصارت سے محروم ہیں مگر ان کا ماننا ہے کہ عزم جب مصمم ہو اور ارادے جب نیک ہوں تو خدائی مدد آپ کے ساتھ ہوتی ہے اور ہر کام آسانی ہو جاتا ہے ۔
ڈی نیوز24ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عزم جب مصمم اور ارادے نیک ہوں تو آپ کو خدائی مدد عطا ہوتی ہے اور ہر کام با آسانی ہو جاتا ہے ۔
پروفیسر الیاس گورنمنٹ کالج میرپور میں درس و تدریس سے وابستہ ہیں انھیں کئی سرکاری اعزازات سے نوازا جا چکا ہے ،ایک کمرے اور ایک ہی طالب علم سے شروع ہونے والے عقاب اسکول سے آج فارغ التحصیل بچے ماسٹر ، ایم فل اور پی ایچ ڈی کر رہے ہیں ۔ ادارے کا مقصد بینائی سے محروم افراد کو کشکول لیے امداد مانگنے کی بجائے پڑھا لکھا شہری اور دوسروں کو مدد فراہم کرنے والا بنانا ہے ، جس کے لیے ان خصوصی پچوں کو ہنر مند بنایا جا رہا ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے