یو کے اسلامک مشن اور لوٹن فٹبال کلب کے اشتراک سے یونٹی افطار ڈنر کا اہتمام

دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی خصوصی شرکت ، روزہ رکھ کر اظہار یکجہتی ،اعلیٰ شخصیات کی شرکت
ایسی محافل سے کمیونٹی کے تمام اراکین کو مل بیٹھنے کا موقع ملتا ہے ،ہم آہنگی ،بھائی چارے کی فضا میسر ہو تی ہے،شرکا
لوٹن ( رپورٹ: ڈی نیوز24ٹی وی) ماہ رمضان میں جہاں دنیا بھر میں مسلمان افطار کا اہتمام کرتے ہیں وہیں غیر مسلم کمیونٹی کو’’افطار ڈنر ‘‘میں مدعو کر کے دین اسلام کا سلامتی اور امن کا پیغام عام کر رہے ہیںاسی حوالے سے معروف فلاحی ادارےنے لوٹن فٹبال کلب کے ساتھ ملکر افطار ڈنر کا اہتمام کیا ۔یو کے اسلامک مشن ایک ایسا فلاحی ادارہ ہے جو برطانیہ سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں دین کی ترویج کے ساتھ ساتھ فلاحی کام سر انجام دے رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق لوٹن میں یوکے اسلامک مشن اور لوٹن فٹبال کلب کے اشتراک سے ’’یونٹی افطار ڈنر ‘‘کا اہتمام کیا گیا جس میں نہ صرف مسلم کمیونٹی بلکہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے مسلم کمیونٹی کی جانب سے خصوصی دعوت پر شرکت کی ، دین اسلام کی سلامتی اور پیغام امن کی مناسبت سے ’’یونٹی افطار ڈنر ‘‘ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں میئر آف لوٹن یعقوب حنیف ، لارڈ قربان حسین ، لیڈر آف اپوزیشن امجد حسین کے علاوہ کونسلرز علماء، چرچ کے نمائندوں، سیاسی ،سماجی اور کاروباری افراد ،فٹبال کلب کے ممبران سمیت عام شہریوںنے بھی شرکت کی ۔
تقریب کا آغاز رب کائنات کے با برکت نام اور تلاوت قرآن پاک سے ہوا معروف سماجی کارکن محترمہ ریحانہ فیصل نے نقابت کے فرائض سر انجام دئیے ۔ یو کے اسلامک مشن کے نمائندگان نے شرکاء کو جاری پراجیکٹس کے بارے میں آگاہی دی، غیر مسلم کمیونٹی کے تمام افراد نے خاموش رہ کر نہ صرف اذان کا احترام کیا بلکہ کھانا پینا بھی مسلم کمیونٹی کے اوقات کار کے حساب سے ہی کیا ۔ چند غیر مسلم شرکاء نے یکجہتی کیلئے روزے کا بھی اہتمام کیا اور حاضرین کو روزے کے حوالے سے اپنے جذبات سے آگاہ کیا۔
لوٹن فٹبال کلب کے چئیرمین ڈیوڈ ویلکنسن، مینجر روب ایڈورڈ ، کریس بل کمرشل ڈائریکٹر ، لوٹن فوڈ بنک کی لیز کے علاوہ فٹبال کلب کے آفیشل نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ تقریب میں نوجوان فٹبالر نسیم ایل گورجا جو انڈر فیفٹین پلئیر ہیں کو خصوصی اہمیت دی گئی ۔ نسیم رمضان مبارک میں فٹبال کی ٹرینگ باقاعدگی سے کرتا ہے مگر روزہ کو بھی نہیں چھوڑتا۔
شرکا کی آگاہی کیلئے اسٹیج کے عقب میں بڑی اسکرین بھی نصب کی گئی جس میں مختلف ویڈیو کے ذریعے تفصیلات بتائی گئیں ۔ مہمانوں کو فٹبال اور اور پویلین کا دورہ بھی کرایا گیا جبکہ فٹبال کلب کی دیواروں پر لگی سینئر کھلاڑیوں کی تصاویر کی دلچسپ نمائش بھی کی گئی ۔حاضرین کا کہنا تھا ایسی محافل سے کمیونٹی کے تمام اراکین کو آپس میں مل بیٹھنے کا موقع ملتا ہے جس سے اہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا میسر ہو تی ہے۔ پروفیسر مسعود اختر ہزاروی ،چوہدری محمد شریف ، شوکت بٹ ، اقدس مغل، انوار ملک ، ڈاکٹر طاہر لون سمت کمیونٹی کے اہم افراد نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے