لوٹن میں عباس فائونڈیشن کی جانب سے چیرٹی افطار ڈنر

ڈاکٹرز اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی شرکت ،پاکستان کےدیہی علاقوں میں سہولتوں ،خواتین کی ترقی کیلئے آگاہی فراہم کی
عباس فائونڈیشن مفت علاج کی سہولیات ،ڈیزاسٹر سپورٹ،بیماریوں سے بچاؤ،زچہ بچہ ، صحت ،تعلیم ،اور غربت کے خاتمے کا پروگرام رکھتی ہے
لوٹن ( رپورٹ/ڈی نیوز24ٹی وی ) عباس فائونڈیشن کے زیر اہتمام لوٹن میں چیرٹی افطار کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹرز اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی ۔عباس فائونڈیشن کے بانی ڈاکٹر غلام عباس نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں دیہی علاقوں میں صحت کی سہولتوں اور باالخصوص خواتین کی ترقی اور بااختیار بنانے کیلئے آگاہی فراہم کی۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر غلام عباس کی جانب سے چیرٹی افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی ، سماجی و لوٹن کمیونٹی سے چیدہ چیدہ افراد نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔ڈاکٹر غلام عباس نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلی ہیلتھ نیٹ ورک کے ذریعے برطانیہ اور امریکہ میں موجود پاکستانی ڈاکٹرز اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں، انہوں کہا کہ عباس فاونڈیشن علاج معالجے کی مفت سہولیات کے ساتھ ساتھ ڈیزاسٹر سپورٹ،بیماریوں سے بچاؤ،زچہ بچہ صحت کی دیکھ بھال کی تعلیم اور غربت کے خاتمے کا پروگرام رکھتی ہے ۔انہوں نے کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہماری خدمات کو سراہا اور اپنا تعاون پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب میں طاہر محمود لون ، لارڈ قربان حسین ، راجہ اسلم خان سابق ڈپٹی لیڈر، پی ٹی آئی کے رہنما صاحبزادہ جہانگیر سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت اور اظہار رائے کیا ۔ عباس فاونڈیشن کی خاتون رکن ڈاکٹر ثوبیہ بلال نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کی صحت کے بہت سے مسائل ہیں جن پر توجہ نہیں دی جاتی ،عباس فاونڈیشن کے ذریعے ہم نے خواتین کی مدد کیلئے پروگرام رکھے ہیں، جہاں وہ رازداری کے ساتھ خواتین ڈاکٹرزکو اپنے مسائل سے آگاہ کر سکیں گی۔ تقریب میں عباس فاونڈیشن کے مختلف پروگرامز کو ویڈیوز کے ذریعے بھی دکھایا گیا۔
لارڈ قربان حسین نے پاکستان جیسے غریب ملک میں جہاں صحت کی سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں وہاں پر ایسی تنظیمیں ہی لوگوں کا واحد سہارہ ہوتی ہیں ۔ ہمیں ان کی بھرپور مدد او ررہنمائی کرنی چاہیے ۔ راجہ اسلم خان نے ڈٍاکٹرز کی اس مثبت سوچ کو سراہا اور اپنی مصروفیات کے باوجود پسماندہ اور غربت کی چکی میں پسے لوگوں کو صحت کی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنا یقیناًقابل تحسین ہے ۔ صاحبزادہ جہانگیر نے عباس فاونڈیشن کے کاموں کی تعریف کی اور برطانیہ میں بسنے والوں کوملک کی خدمت چاہیے وہ کتنی ہی کمتر یا کتنی ہی بڑی ہو لازمی کرنی چائیے ۔ کیونکہ وہاں پر حکومتوں کے وسائل اتنے نہیں کہ تمام کو سہولتیں مئیسر ہو سکیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے