سینئر صحافی مبین چوہدری کو گزرے ایک سال بیت گیا

بانی قائد و سابق صدر پاکستان پریس کلب یوکے کی پہلی برسی الحرا ایجو کیشنل سینٹر میں منعقد کی گئی ،صدر پی پی سی یوکے شیرازخان نے صدارت کی
مرحوم کی سوانح حیات اور کمیونٹی کیلئے خدمات پر روشنی ڈالی گئی ،ایصال ثواب کیلئے اجتماعی دعا ،برطانیہ بھر سے سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت
لوٹن (رپورٹ ریاض بٹ )ممتاز صحافی سابق ایڈیٹرروزنامہ اوصاف لندن اور سابق صدر پاکستان پریس کلب یوکے مبین چوہدری مرحوم کی پہلی برسی کے موقع پر تعزیتی ریفرنس کا انعقاد الحرا ایجو کیشنل سینٹر میں کیا گیا جس کی صدارت صدر پاکستان پریس کلب یوکے شیرازخان نے کی جبکہ نظامت کے فرائض ڈائریکٹر تکبیر ٹی وی مولانا پروفیسرمسعود اختر ہزروی نے کی ۔تعزیتی ریفرنس کا آغاز تلاوت قران پاک اور راجہ عجائب خان نے نعت رسول ﷺ سے کیا۔شیراز خان نے مبین چوہدری کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہصحافت کا درخشندہ ستارہ تھے جنہوں نے ہمیشہ پاکستان اور کشمیر کا جھنڈا بلند رکھا اور اپنی کمیونٹی کے مسائل کو اس وقت اجاگر کیا جب برطانیہ میں پاکستانی میڈیا کی رسائی نہ ہونے کے برابر تھی ،وہ پاکستان میں بھی اردو اخبارات میں کام کرتے رہے بعد میں آے آر وائی نیوز کے بیورو چیف رہے ۔انہوں نے صحافیوں کو متحد رکھنے کے لئے پاکستان پریس کلب یوکے کی بنیاد رکھی جو ایک فیملی یا خاندان جیسا ہے اور پاکستان پریس کلب یوکے تمام شہروں پر مشتمل سب سے بڑا صحافیوں کا کلب ہے ۔
گزشتہ سال ان کی اچانک موت نے سب کو افسردہ اور رنجیدہ کردیا ،انکی موت کے روز انہوں نے پاکستان پریس کلب کے انتخابات منعقد کرواکر اپنا کام پورا کردیا تھا انہوں نے پریس کلب کی ذمہ داری انکے کاندھوں پر ڈال دی تھی ۔تقریب میں مرحوم کی برسی ہرسال پوری عقیدت سے منانے کا عزم بھی کیا گیا،جس کا مقصدمرحوم کی یاد تازہ رکھنا اور خدمات کو سراہنا ہے۔
شیراز خان کا کہنا تھا کہ پی پی سی یوکے کے پلیٹ فارم سے ہم جمہوریت اور انسانی حقوق کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے پاکستان میں جب حقیقی طور پر جمہوریت آئے گی تو آزادی اظہار رائے کا بھی احترام کیا جائے گا پاکستان میں الیکشن منعقد ہورہے ہیں ارباب اختیار کو یہ بات سمجھنی چاہئے کہ آزاد میڈیا جمہوریت کے لئے لازم و ملزوم ہے ۔اس موقع پر مرکزی نائب صدر اسرار احمد راجہ نے بھی خطاب کیا اور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ مرحوم نے ہماری صحافتی برادری پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں ۔مبین مرحوم کے تعزیتی ریفرنس میں مذہبی سیاسی سماجی رہنماؤں نے شرکت کی اور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
تعزیتی ریفرنس میں شرکت کرنے والوں میں سابق مئیر لوٹن محمد ریاض بٹ ، سابق مئیر راجہ وحید اکبر ،لبرل ڈیموکریٹک پارٹی وٹفورڈ کے حاجی محمد منیر ،سینئر نائب صدر پریس کلب راجہ مسرت اقبال پی پی سی یوکے لوٹن برانچ کے صدر اسرار خان ، عدیل راجہ، ،نثار گلشن ،احتشام قریشی ، آصف شریف ، جمیل منہاس ، منصف خان ،عتیق الرحمان ،پروفیسرممتاز بٹ ،شبیر ملک ، شریف چوہدری ، سید حسین شہید سرور ایڈووکیٹ ، مسلم لیگ ن برطانیہ کے چیئرمین جہانگیر چوہدری ، حاجی چوہدری قربان ،محمد عارف مغل ،جہانداد چوہدری ،سلطان احمد ،نبیل بن طارق عقیل دتہ اور دیگر افراد نے شرکت کی ۔
رہنمائوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مبین چوہدری بہترین صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ اچھے انسان تھے ان کے دل میں پاکستان اور پاکستانیوں کے لئے دلی ہمدردی تھی بعدازاں معروف صحافی وقار زیدی ،مولانا قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای کی ہمشیرہ ، راجہ مسرت اقبال کی خوشدامن راجہ مہتاب خان کے بڑے بھائی اوردیگر مرحومین کیلئے پروفیسر مسعود اختر ہزار وی نے دعا ئے مغفرت کرائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے