غریبوں کیلئے امیروں والا کھانا، لوٹن میں منفرد طرز کے ریسٹورنٹ کا افتتاح

مہنگائی کے اس دور میں 3.99پائونڈ میں پیٹ بھر کر کھانا کھائیں، پیسے نہیں ہیں تو فری میں کھائیں ، بری پارک میں ’’ہاٹ فوڈ‘‘ ریسٹورنٹ عوام کیلئے کھول دیا گیا
سرد موسم میں گرم پکوان اور مختلف اقسام کے لذیز کھانوں کو انتہائی کم قیمت میں کھایا جاسکے گا ، ریسٹورنٹ کے قیام کا مقصد بے گھر افراد کو دو وقت کی روٹی مہیا کرنا ہے
لوٹن ( رپورٹ/ڈی نیوز 24ٹی وی ) مہنگائی کے اس دور میں عمدہ اور لکژری کھانے عام انسان کیلئے ایک خواب بن کر رہ گیا ہے ۔کاروبار تو ہر کوئی کرتا اور اپنی جیب بھرنے کیلئے پیسے کماتا ہے وہیں لوٹن کے کاروباری مرکز بری پارک میں انوکھے ریسٹورنٹ کا افتتاح کیا گیا جہاں اعلیٰ کوالٹی اور بہترین و لذیذ کھانوں کو انتہائی حیرت انگیز قیمت میں دیا جارہا ہے ، ریسٹورنٹ کے قیام کا اصل مقصد دیار غیر میں رہنے والے باسیوں کو انتہائی کم قیمت میں دو وقت کی روٹی مہیا کرنا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ایشیائی تجارتی مرکز بری پارک (Bury Park)میں انوکھے ڈھابے کا افتتاح کیا گیا جہاں کھانے کی قیمت صرف 3.99پائونڈ مقرر کی گئی ہے ،ریسٹورنٹ کے قیام کا مقصد کم آمدن والے افراد خصوصاً غربا کو اعلیٰ اور لذیز کھانے کی فراہمی ہے ۔ڈھابے کا نام ’’HOT FOOD @ £3.99‘‘ رکھا گیا ہے ۔انتہائی کم اور حیرت انگیز قیمت میں عمدہ اقسام کے کھانوں کی فراہمی کا خالص مقصد بے گھر افراد اور ان لوگوں کا پیٹ بھرنا ہے جو مہنگائی کے باعث کسی بھی اچھے ریسٹورنٹ میں کھانا نہیں کھاسکتے ۔
معروف کاروباری شخصیت اور ’’HOT FOOD @ £3.99‘‘ ریسٹورنٹ کے مالک ظفراقبال نے ڈی نیوز 24ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہوٹل کے دورازے ان تمام افراد کیلئے کھلے ہیں جن کے پاس طعام کے لئے پیسے موجود نہیں ، ایسے تمام افراد کو ہمارے ریسٹورنٹ کی جانب سے کھانا بالکل مفت فراہم کیا جائےگا ۔فوڈ کوالٹی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ لوگ ایک بار یہاں ضرور آئیں ،ہمارے لذیز پکوان یقیناً سب کو بہت پسند آئیں گے ۔ریسٹورنٹ کے باہر مینو کا بینر بھی آویزاں کیا گیا ہے جس پر مختلف اقسام کے لذیز کھانوں جن میں چکن قورمہ ، لیمب قورمہ ، دال ، بریانی ، پلائو ، برگر ،تکہ ، اسپیشل لاہوری چنے ،حلوہ و دیگر اشیا شامل ہیں ۔افتتاح کے پہلے ہی روز ریسٹورنٹ پر عوام کا رش امڈ آیا ۔انتہائی کم اور حیرت انگیر قیمت دیکھ کر کھانا خریدنے والوں کا تانتا بندھا رہا۔
ریسٹورنٹ کا افتتاح پروفیسر مسعود اختر ہزاروی کی خوبصورت آواز میں تلاوت قرآن پاک سے ہوا جبکہ قاضی عبد العزیز چشتی ( ایم بی ای) نے ظفر اقبال کے کاروبار میں خیر و برکت کے حوالے سے خصوصی دعا فرمائی جس میں ، سابق میئر آف لوٹن ریاض بٹ سمیت سیکڑوں افراد موجود تھے ۔ افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لوٹن کی اعلیٰ شخصیات نے نیک خیالات کا اظہار کیا اور مہنگائی کے اس دور میں ظفر اقبال کی جانب سے انتہائی کم قیمت میں اعلیٰ اقسام کے کھانوں کی فراہمی کو ان کا احسن اقدام قراردیا جبکہ ان کے دیگر کاروبار میں برکتوں کیلئے بھی دعا گو رہے ۔ ظفر اقبال نے ڈی نیوز 24ٹی وی کا خصوصی شکریہ ادا کیا جس نے ’’HOT FOOD @ £3.99‘‘ کے افتتاح کی مکمل کووریج کی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے