سابق میئر آف لوٹن طاہر محمود ملک کو برٹش سٹیزن ایوارڈ سے نواز دیا گیا

پیلس آف ویسٹ منسٹر میں غیر معمولی کاوشوں اور کمیونٹی کی خدمت کے اعتراف میں (بی سی اے) ایوراڈ دیا گیا
لوٹن ( رپورٹ/ڈی نیواز 24ٹی وی ) پیلس آف ویسٹ منسٹر میں منعقد ہونے والی پر وقار تقریب میں 25 برس تک کمیونٹی میں رضاکارانہ طور پر کام کرنے ،کمیونٹی کی خدمت ،کاوشوں اورمختلف خیراتی اداروں کیلئے ایک لاکھ پائونڈ سے زائد رقم اکٹھی کرنے پر بریڈ فورڈ شائر سے تعلق رکھنے والے طاہر محمود ملک کو باوقار برٹش سٹیزن ایوارڈ ( بی سی اے ) سے نواز دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق طاہر محمود ملک ان 28 قابل ذکر افراد میں سے ایک ہیں جنہیں پیلس آف ویسٹ منسٹر میں ان کی غیر معمولی کاوشوں کے اعتراف میں (BCA) سے نوازا گیا ہے۔ون اسٹاپ (One Stop) کے اشتراک سے برٹش سٹیزن ایوارڈ اپنے 10برس مکمل کرچکا ہےاور یہ ایوارڈ ان غیرمعمولی لوگوں کو دیا گیا جو ملک میں موجود کمیونٹیز پر مثبت اثر ڈالتے ہیں۔
طاہر محمود ملک نے 25 برس کمیونٹی میں رضاکارانہ طور پر کام کیا اور مقامی کمیونٹی کی مدد سے مختلف خیراتی اداروں کے لیے ایک لاکھ پائونڈ سے زائد رقم اکٹھی کی ۔انہوں نے کمیونٹی کے بہتر طرز زندگی کیلئے نوجوانوں اور بزرگوں کے ہمراہ شانہ بشانہ کام کیا ۔وہ متعدد عقائد کے درمیان ہم آہنگی کیلئے ایک رول ماڈل رہے اور لوٹن میں مساوات کو فروغ دینے والے مختلف مذہبی رہنماؤں کے ساتھ باقاعدگی سے رابطوں میں بھی رہے ۔انہوں نے نوجوانوں کیلئے مختلف کھیلوں کے ٹورنامنٹس، کمیونٹی ایونٹس کا اہتمام اورمقامی پارکوں میں فٹنس کے آلات کی تنصیب کو بھی فروغ دیا، 40 سے زائد کمیونٹی فٹ بال کلب متعارف کرائےجہاں ہفتہ وار سیشن منعقد ہوتے ہیں۔جرائم کی روک تھام کیلئے انہوں نے بیڈفورڈ شائر پولیس اور پولیس اینڈ کرائم کمشنر کےدرمیان رہ کر کام کیا اور مسائل ختم کئے، تعلیم کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو بہترین وژن بننے میں رہنمائی کی اور اس عمل میں ہمیشہ سرگرم رہے۔2019/2020میں میئر بننے سے پہلے 12 سال تک بطور کونسلر اور ڈپٹی میئر کے طور پر لوٹن ٹاؤن کی خدمات سرانجام دینے کا اعزاز حاصل کیا۔
سابق میئر آف لوٹن طاہر محمود ملک نے بی سی اے سی ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ درحقیقت یہ میرے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہےاوریہ اعزاز صرف میرے لئے نہیں بلکہ ان سب کیلئے ہے جنہوں نے ماضی میں میرا ساتھ دیا اور میری ذاتی ،سماجی زندگی اور بہترین لوٹن کمیونٹی کیلئے حمایت جاری رکھی،میں ان تمام لوگوں کا تہہ دل سے مشکور ہوں ۔اس اعزاز کو حاصل کرنے کے بعد میں اپنے احساسات کو لفظوں میں یقیناً بیان نہیں کرسکتا۔میں لوٹن میں رہنے والی کمیونٹیز کیلئے دل جوئی سے کام کرتا ہوں اور آئندہ بھی مثبت تبدیلیاں لانے کے لیے کام کرتا رہوں گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے