لوٹن: 41ویں سالانہ عید میلاد النبیؐ کانفرنس 28ستمبر کو منعقد ہوگی

ربیع الاول کی یہ محفل یورپ کی تمام محافل میں عظیم الشان مانی جاتی،معروف علما کرام خطاب کرینگے
لوٹن ( ڈی نیوز 24 ٹی وی )ماہ ربیع الاول وہ عظیم مہینہ ہے جس میں امام الانبیاء حبیب کبریائی، فخر موجودات، باعث تخلیق کائنات حضرت محمد صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت ہوئی۔ آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم تمام جہانوں کے لئے رحمت بن کر آئے۔ آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وجود مسعود سے پوری دنیا میں نور حق پھیلا اور کفرو باطل کی تاریکیاں چھٹ گئیں۔یہی وہ دور تھا جب جہالت عام تھی، عدل وانصاف ناپید تھا۔ انس، پیار اور محبت نام کی کوئی چیز نہ تھی۔
بقول شاعر
تاریک تھا، ظلمت کدہ تھا، سخت کالا تھا
پردے سے پردہ کیا نکلا کہ گھر گھر میں اجالا تھا
’’حضرت بی بی آمنہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ہاں ولادت باسعادت کا وقت قریب آیا تو اللہ تعالیٰ نے فرشتوں سے فرمایا کہ تمام آسمانوں اور جنتوں کے دروازے کھول دو۔ اس روز سورج کو عظیم نور پہنایا گیا اور اللہ تعالیٰ نے دنیا بھر کی عورتوں کے لئے یہ مقدر کردیا کہ وہ حضور اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی برکت سے لڑکے جنیں‘‘۔
اسی مناسبت سے ہر سال کی طرح امسال بھی جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ کی جانب سے 41ویں سالانہ میلاد النبیؐ کانفرنس کا انعقاد ہونے جارہا ہے ۔ 23 ویسٹ بورن روڈ پر واقع جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ میں اس عظیم الشان محفل کا انعقاد مورخہ 28ستمبر بروز جمعرات ہوگا۔ربیع الاول کی یہ محفل یورپ کی تمام محافل میں سب سے بڑی عظیم الشان مانی جاتی ہے ۔
علامہ صاحبزادہ سید مظہر حسین گیلانی کی زیر صدارت منعقدہ تقریب کا آغاز قاری اجمل علی قادری کی خوبصورت آواز میں تلاوت قرآن پاک سے ہوگا جس کے بعد ہدیہ نعت رسول مقبول پڑھی جائیں گی ،پیر سید غفور حیدر شاہ ، علامہ طیب الرحمن ہزاروی مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریب میں شرکت کریں گے ،جبکہ الداعی الی الخیر علامہ مولانا عبد العزیز چشتی ایم بی ای ، صاحبزادہ ضیا المصطفیٰ ، پیر محمود احمد عباسی ،علامہ محمد اقبال قریشی خصوصی خطاب فرمائیں گے۔
اس کے علاوہ سجادہ نشین اجمیر شریف پیر سید بلال حسین چشتی، آستانہ عالیہ پناگ شریف کشمیر پیر سید غفور حیدر شاہ،علامہ طیب الرحمن ہزاروی ،علامہ محمد اقبال قریشی ،پیر محمود احمد عباسی ، سید الطاف حسین شاہ کاظمی ، تصدق رسول نقشبندی ، امجد رشید صائم چشتی گولڑوی ، شہباز قمر فریدی ، حافظ احمد رضا قادری اور قاری شاہد محمود بھی محفل مصطفی میں رنگ بھریں گے، ان کے علاوہ محفل میں برطانیہ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات شرکت فرمائیں گی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے