بزرگوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی ، ڈپٹی میئر لوٹن کونسلر زینب راجہ

لاکھوں انسانی جانوں کی قربانی کے بعد آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ،پاکستان کی بھاگ دوڑ نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے، خطیب ملت قاضی علامہ عبد العزیز چشتی ایم بی ای
جشن آزادی کے موقع پر لوٹن ٹائون ہال میں ڈپٹی میئر کی جانب سے استقبالیہ تقریب میں سیاسی ، سماجی شخصیات کی شرکت،پاکستان زندہ آباد کے نعرے،مسئلہ کشمیر بھی زیر موضوع
لوٹن (رپورٹ/اسرار احمد راجہ ) لوٹن ٹاؤن ہال میں ڈپٹی مئیر لوٹن کونسلر زینب راجہ کی جانب سے وطن عزیز کی 76 ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں خطیب ملت مولاناقاضی عبد العزیز چشتی (ایم بی ای )نے بطور مہمان ٰخصوصی شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ پاکستان علامہ محمد اقبال کی سوچ اور قائد اعظم محمد علی جناح کی پر امن جد و جہد کے نتیجے میں حاصل ہوا لیکن تحریک پاکستان کے اعلان کے بعد جو حالات درپیش ہوئے وہ ہمیں چیخ چیخ کر بتاتے ہیں کہ وطن عزیز اسلامی جمہوریہ پاکستان ہندو بنیے یا برطانوی سامراج نے ہمیں کسی ٹرے میں رکھ کر پیش نہیں کیا بلکہ اسلام اور کلمہ کے نام پر حاصل ہونے والا یہ ملک لاکھوں قربانیوں کے بعد وجود میں آیا،مسلمانوں کو آگ اور خون کا دریا عبور کرنا پڑا جس میں لاکھوں جانوں کا نظرانہ دیا گیا ہے ،اس بات کا احساس ہر پاکستانی کو ہونا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مضبوط پاکستان کیلئے ملک کا معاشی طور پر مستحکم ہونا بہت ضروری ہے دنیا بھر میں رہنے والے پاکستانی کشمیری اس نقطے پر اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔ لارڈ قربان حسین نے کہا کہ پاکستان کا مضبوط ہو نا تحریک آزادی کشمیر اور عوام کیلئے بہت ضروری ہے ۔انہوں نے بڑی تفصیل سے پاکستان اور اسکی آزادی پر دلائل کے ساتھ گفتگو کی اور قائد محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا اور منتظمین کا شکر یہ بھی ادا کیا ۔
کونسلر راجہ اسلم خان نے یوم آزادی پر برصغیر کے مسلمانوں کی قربانیوں کا بے باکی سے ذکر کیا انہوں نے نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آگے آئیں اور سیاسی وسماجی معاملات کو سنبھالیں ، سابق میئر لوٹن ریاض بٹ نے کہا کہ آج پاکستان کو ہماری ضرورت ہے ،ہمیں چاہیے کہ ہم بیرون ملک سے زیادہ سے زیادہ رقم پاکستان میں بھیجیں ،پاکستانی مصنوعات خریدیں ، سابق چیئرمین بلد یہ کوٹلی خورشید قادری نے کہا کہ پاکستان ہی وہ واحد ملک ہے جو کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی بات کرتا ہے ،ملک کی تعمیر وترقی اور مضبوط پاکستان ہماری آزادی کا ضامن ہے ۔حبیب الرحمان آفاقی نے کہا کہ پاکستان میں اسلام کے نفاذ کیلئے صرف صاف ستھری قیادت ہی کام کرے تو ملک کا بھلا ممکن ہے، اس کے علاوہ کونسلر خدیجہ ملک کونسلر ریحانہ ملک، پروفیسر امتیاز چوہدری، پروفیسر ممتاز بت ڈاکٹر یاسمین رحمان، شریف چوہدری شبیر ملک و دیگر مقررین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
نعت رسول مقبول ﷺکا شرف اویس اکبر کو حاصل ہوا۔قومی ترانہ مہر یہ اسکول کی طالبات نے خوبصورت انداز میں پڑھا اور داد حاصل کی ، چھوٹے عیسیٰ چوہدری اور انکی بہن نے دل دل پاکستان کا نغمہ گایاشرکاء میں صاحبزادہ اکرم با ہو، عارف چوہدری طارق چوہدری مزاید چوہدری ، کونسلر صائمہ حسین کونسلر جاوید اور خواتین اور بچے شامل تھے ، میڈیا سے اسرار احمد راجہ ، صفدر شاہ، نثار گلشن محمد عظیم نے شرکت کی ۔اس موقع پر پاکستان کی 76ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔بہترین پروگرام کے انعقاد پر مقریرین نے ڈپٹی میئر کونسلر زینب راجہ کا شکریہ ادا کیا جبکہ شوہر نعیم راجہ نے ڈپٹی مئیر کی معاونت کی ،مہمانوں کیلئے بہترین طعام کا بھی انتظام تھا۔واضح رہے کہ اس تقریب کی ساری کووریج ڈی نیوز 24 ٹی وی نے کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے