مبین چوہدری کی یاد میں خصوصی تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

مبین چوہدری برطانیہ میں مقیم پاکستانی صحافتی برادری کے ہیرو تھے ،شیراز خان
اسلام آباد-روزنامہ صدائے چنار کے ہیڈ آفس میں پاکستان پریس کلب یوکے کےسابق صدر اور سینئر صحافی مبین چوہدری کی صحافتی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک خصوصی تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر پاکستان پریس کلب برطانیہ کے موجودہ مرکزی صدر شیراز خان، آزادکشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر امجد چوہدری، منیجنگ ایڈیٹر صدائے چنار ساجد چوہدری،ڈپٹی ایڈیٹر صدائے چنار طاہرمسعود، محمد فیاض،جمیل منہاس،انچارج اوورسیز پیج صدائے چنار آصف شبیر،محمد صالح افتخار ،سٹاف رپورٹر عبدالمنان چوہدری حسیب عدنان سمیت دیگر افراد شریک تھے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر اے کے این ایس کا کہنا تھا کہ مبین چوہدری نے دیار غیر میں رہتے ہوئے کمیونٹی کی صحافتی برادری کو ایک پیج پر لایا، دورہ برطانیہ کے دوران ان سے ملاقات ہوئی انتہائی پروفیشنل اور نفیس انسان تھے، انکا کہنا تھا کہ دیار غیر میں رہتے ہوئے کمیونٹی کے شب وروز اور رابطہ کار کا کردار ادا کرنا انتہائی مشکل ہے۔
ہم بیرون ممالک میں موجود تمام صحافتی کمیونٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں، پاکستان پریس کلب کے صدر شیراز خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ صدائے چنار کی انتظامیہ کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمیشہ اوورسیز صحافتی برادری کو نمایاں مقام دیا، مبین چوہدری کے اعزاز میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد اور بیرون ملک مقیم صحافیوں کیلئے صدائے چنار کی جانب سے مختلف مواقعوں پر تقاریب کا انعقاد ہمارے لیے باعث فخر بھی ہے کہ ہماری کاوشیں رائیگاں نہیں جاتی، انکا کہنا تھا کہ مبین چوہدری برطانیہ میں مقیم پاکستانی صحافتی برادری کے ہیرو تھے انہوں نے پریس کلب کی بنیاد رکھ کر ہمیں ایک چھت تلے جمع کیا انکا یہی احسان ہم کبھی نہیں بھول پائینگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے