میئر آف لوٹن محمد یعقوب حنیف کی ’’بیٹھک ‘‘میں خصوصی گفتگو

کمیونٹی کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے 2011میں پہلی بار الیکشن لڑا ۔ میئر منتخب ہونے والدین بہت خوش ہوئے ‘میئر
قیمتی وقت صرف کرنے بیٹھک کے ڈائریکٹر و پروڈیو سر،چاچا چوہدری اور ٹیم کے دیگر ممبران مئیر آف لوٹن کے مشکور
لوٹن ( رپورٹ/ڈی نیوز24ٹی وی )ناظرین میئر کا منصب کسی بھی ملک یا شہر کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہوتاہے کیونکہ اس منصب پر فائز شخص شہر کا چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی کہلاتا اور وہی شہر کی عام بہبود کا ذمہ دار بھی ہے۔میئر کونسل کو پالیسیوں کی سفارش، اور قانون سازی ،پالیسی سازی کا کردار ادا کرتا ہے۔میئر اپنا ایگزیکٹو رول ادا کرتے ہوئے نہ صرف قوانین کے نفاذ کا پابندہوتا ہے بلکہ افسران اور ملازمین کے کام کی جانچ بھی رکھتا ہے۔
میئر کے فرائض میں سے چند حسب ذیل ہیں:
میئر شہر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر کام کرینگے ،منتظمین اور شہری حکومت کے مختلف محکموں کی سرگرمیوں کی نگرانی و انتظامی ذمہ داریاں انجام دینگےتاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ شہر کے آرڈیننس اور ریاستی قوانین کس حد تک نافذ ہیں۔
میئر کمیونٹی کیلئےپالیسی لیڈر کے طور پر کام کرینگے، کونسل کو پالیسی کی معلومات اور سفارشات فراہم کرینگے
میئر سٹی کونسل کی صدارت کرینگے۔
کونسل کی طرف سے ووٹ برابر ہونے کی صورت میں میئر ووٹ ڈالیںگے
میئر کو کونسل کے منظور کردہ آرڈیننس کو ویٹو کرنے کا اختیار ہوگا
میئر میڈیا کے ساتھ تعلقات میں شہر کے سربراہ کے طور پر نمائندگی کرینگے
میئر دیگر سرکاری اکائیوں، کاروباری اداروں، کمیونٹی گروپس اور دیگر گروپوں کے ساتھ ملاقاتیں کرینگے۔
میئر کمیونٹی کے رہائشیوں کے ساتھ ان کے تبصرے ،شکایات سنیں گےاور مسائل کے مکمل حل کو یقینی بنائینگے
اس حوالے سے آج ہم بات کرینگے میئر آف لوٹن محمد یعقوب حنیف کی جو نہ صرف بہترین شخصیت کے مالک ہیں بلکہ کامیاب میئر ہونے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی اور ہر خاص و عام شہری کی ہر دلعزیز شخصیت بھی ہیں ۔یوٹیوب چینل دیس پریس (DP)کے معروف پروگرام ’’بیٹھک ‘‘کےسینئر اینکر چاچا چوہدری کا گزر جب لوٹن ٹائون ہال کے قریب سے ہوا تو انہوں نے جھٹ سے دیس پردیس کی ٹیم کو وہاں پہنچنے کا کہا ،ٹیم کے آجانے کے بعد چاچا چوہدری اندر تشریف لے گئے جس کا علم میئر محمد یعقوب حنیف کو پہلے ہی ہوگیا تھا اور وہ دیس پردیس(DP) اور ڈی نیوز 24ٹی وی کی ٹیم کے استقبال کیلئے پہلے سے ہی موجود تھے ۔سلام دعا کے بعد میئر نے انہیں اندر تشریف لانے کی دعوت دی جہاں سے انٹرویو کا سلسلہ شروع ہوا ۔
ابتدائی گفتگو کے بعد چاچا چوہدری نے اسرار کیا کہ وہ ناظرین کو اپنے بارے میں تفصیلاتبتائیں جس پر میئر آف لوٹن نے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق آزاد کشمیر جنڈالہ سے ہے ، جبکہ میر پور شہر سے انکا تعلق 25سے 30سال پرانا ہے ،ان کی پیدائش انگلستان کی ہی ہے وہ پہلی بار1984میں 5برس کی عمر میں پاکستان گئےاور 6ماہ گزارے جبکہ ان کے والد جب برطانیہ آئے تب ان کی عمر 14برس تھی ۔انہوں نے ماسٹرز کی تعلیم برطانیہ سے ہی حاصل کی ، انہیں حافظ قرآن ہونے کا اعزاز بھی ـحاصل ہے ۔ٹیچنگ کے شعبے میں 18سے 20سال گزار چکے ہیں ۔ کمیونٹی کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے انہوں نے 2011میں پہلی بار الیکشن لڑا ۔ میئر منتخب ہونے پر ان کے والدین بہت خوش ہوئے ۔ازدواجی زندگی میں بندھے ہوئے25سال بیت گئے ہیں ، ان کی اہلیہ کا تعلق پہاڑی علاقے سے ہے جبکہ ان کے صاحبزادے 22برس کے ہیں ۔ان کا ماننا ہے کہ زبان ہی ان کی اصل پہچان اور شان ہے جسے بھولنا نہیں چاہئے۔ان کے 2بھائی حافظ جبکہ ایک قاری آلقرآن ہیں،والد صاحب خلیفہ اور مجاز ہیں۔انٹرویو کے دوران مئیر آف لوٹن نے چاچا چوہدری کو مختلف شعبوں (ڈپارٹمنٹس)کا دورہ کروایا اور وہ جگہ بھی دکھائی جہاں سے ملک کی نامور شخصیات ہاتھ لہرا کر لوگوں کی محبتوں کا جوا ب دیتے ہیں۔ آج تک مئیر آف لوٹن کی کرسی پر براجمان ہونے والے کونسلرز کی لسٹ دکھائی جس میں 14 کشمیری مئیرزکے نام دیکھ کر چاچا چوہدری کی خوشی دیدنی تھی ۔

توشہ خانہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں رکھے تحائف دکھائے ،جو مہمان لوٹن ٹائون ہال کا وزٹ کرتے ہیں وہ یادگاری تحفہ پیش کرتے ہیں جسے یہاں رکھ دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ پرانی تصاویر جس میں لوٹن کے پہلے میئر جو 1874 میں منتخب ہوئے کی تصویر شامل تھی، اور ان کی چین جو انہوں نے اس وقت زیب تن کی وہ روایت آج تک چل رہی ہے ۔پیرومرشد کی تصاویر بھی آویزاں تھیںجوچاچا چوہدری کو دکھائی گئیں۔ (حلیہ شریف)جو کہ حدیث میں ہے ،علماء کہتے ہیں اس کو دیکھنا ثواب ہے جس میں قرآنی آیات اور احادیث ہیں۔

مئیر آف لوٹن کے دفتر میں مہمانوں کے تاثرات و تسلیمات کیلئےگیسٹ بک موجود ہے جہاں مئیر سے ملاقات کیلئے آنیوالے خصوصی مہمان تاثرات ،دستخط اوراپنا پیغام لکھتے ہیں ۔ مئیر آف لوٹن محمد یعقوب حنیف نے بتایا کہ اس بک میں پاکستان کی سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سربراہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے علاوہ ملکہ برطانیہ کے دستخط بھی موجود ہیں ،جبکہ حال ہی میں بادشاہ چارلس کے دورہ لوٹن کے دوران کئےگے دستخط بھی چاچا کو دکھائے گئے۔ مئیر آف لوٹن نے چاچا کو اپنا خصوصی مہمان قرار دیتے ہوئے ان سے بھی کتاب میں اپنا پیغام لکھنے کو کہا جسے چاچا نے بخوشی قبول کیا ،اور اسے یوٹیوب چینل دیس پردیس (DP) اور ڈی نیوز 24ٹی وی کیلئے بڑا اعزاز بھی قرار دیا ۔پروگرام ’’بیٹھک‘‘ کے ڈائریکٹر و پروڈیوسر اسرار احمد راجہ ، سینئر اینکر چاچا چوہدری اور ٹیم کے دیگر ممبران نے مئیر آف لوٹن محمد یعقوب حنیف کی جانب سے عزت افزائی اور اپنا قیمتی وقت صرف کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے