قومی ٹیم کے سابق کرکٹر باسط علی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی رینکنگ پر سوالات اٹھادیئے۔اپنے یوٹیوب چینل پر سابق کرکٹر باسط علی نے رینکنگ کے حوالے سے اپنے شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کے مذموم مقاصد ہوسکتے ہیں۔انہوں نے خوش اسلوبی سے کہا کہ گورننگ باڈی بابراعظم کو نمبر ون پوزیشن پر رکھ سکتی ہے تاکہ ان کی مزید بہتری میں رکاوٹ پیدا ہوسکے جبکہ شبمن گِل کی رینکنگ کے جواز پر بھی سوال اٹھایا۔آئی سی سی کی رینکنگ ون ڈے مینز رینکنگ میں بابراعظم پہلے، روہت شرما دوسرے، شبمن گل تیسرے جبکہ ویرات کوہلی چوتھے نمبر موجود ہیں۔باسط علی آئی سی سی پر اپنی تنقید سے باز نہیں آئے، خاص طور پر بابراعظم کی حالیہ کارکردگی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آخری ون ڈے میچ پچھلے سال کے ورلڈکپ کے دوران کھیلا تھا جہاں وہ سنچری بنانے میں ناکام رہے جبکہ اس دوران دیگر بیٹرز جن میں راچن رویندرا، کوئنٹن ڈی کاک، ٹریوس ہیڈ، اور ویرات کوہلی شامل تھے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن وہ رینکنگ میں نیچے ہیں۔اسی طرح محمد رضوان اور فخر زمان نے ایک بھی سنچری اسکور نہیں کی پھر بھی رینکنگ میں موجود ہیں۔باسط علی نے دعویٰ کیا کہ شاید آئی سی سی رینکنگ بابراعظم کی مخالفت میں کام کررہی ہے، اگر آپ بابر سے پوچھیں کہ موجودہ نمبر ایک کون ہے تو وہ ٹریوس ہیڈ یا ویرات کوہلی کو بھی چنیں گے۔