گلاسگو: برطانیہ کے امیگریشن حکام نے ایک 61 سالہ خاتون کو دوسرے افراد کی جگہ ’لائف ان دی یو کے‘ کے مسلسل ٹیسٹ دینے کے واقعات کے بعد گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار ہونیوالی خاتون پر الزامات عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے جون 2022 سے لے کر اگست 2023 تک شکل بدلنے کےلیے مختلف اسٹائلز کی وگ لگا کر بھیس بدلا اور مختلف شہروں کے مختلف مقامات پر کم از کم 14 افراد کے ٹیسٹ دیئے۔ہوم آفس کے افسران نے اینفیلد میں خاتون کے گھر پر چھاپہ مار کر کئی جھوٹی دستاویزات اور بڑی تعداد میں بالوں کی وگز قبضے میں لے لی ہیں۔واضح رہے کہ برطانیہ آنے والے امیگرینٹس کو برطانوی شہریت حاصل کرنے کے لیے پہلے لائف ان دی یو کے، کا ٹیسٹ پاس کرنا ہوتا ہے۔24 سوالات پر مشتمل اس ٹیسٹ کا مقصد یہ ثابت کرنا ہے کہ درخواست دہندہ کو برطانوی اقدار، تاریخ اور معاشرے کے بارے میں خاصا علم ہے اور وہ مقامی لوگوں میں باآسانی گھل مل سکتا ہے۔اس گرفتار خاتون سے مزید تفتیش جاری ہے۔
