گزشتہ سالوں میں ایک سو بارہ طلبہ نے ناظرہ قرآن اور چھ طلبا نے حفظ مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی
تلاوت قرآن ، نعت ، تقاریراور اسلامی تاریخ قران و سنت کے کوئز ،دو مختلف ٹیموں میں مقابلہ ہوا
خوش نصیب ہیں وہ والدین جو اپنے بچوں کو اسلامی تعلیمات سے آراستہ کرتے ہیں، قاضی عبد العزیز چشتی ایم بی ای
لوٹن ( رپورٹ: ڈی نیوز24)لوٹن قرآن اکیڈمی میں پانچویں سالانہ حفظ گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سینئر صحافی وتجزیہ کار اور سابق صدر پی پی سی یوکے شیراز خان ، سابق سیکریٹری جنرل مسلم کانفرنس برطانیہ شبیر ملک ،معروف بزنس مین سید مجاہد حسین سمیت کمیونٹی کی دیگر اعلیٰ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔قران آکیڈیمی حافظ احسان اللہ کی سربراہی میں لوٹن میں قران کی ترویج کا کام احسن طریقے سے سر انجام دے رہی ہےجبکہ پچھلے پانچ سالوں میں لوٹن قرآن اکیڈمی میں تقریباً ایک سو بارہ طلبہ نے ناظرہ قرآن اور چھ طلبا نے حفظ مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ قرآن اکیڈیمی بچوں کو قران فہمی کیلئے عربی سہل انداز میں پڑھانے کے کورسز جلد شروع کرنے جا رہی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق لوٹن میں واقع قرآن اکیڈمی میں حفظ گریجویشن کی مناسبت سے پانچویں سالانہ عظیم الشان تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بچوں اور بچیوں نے تلاوت قرآن پاک، نعت رسول ﷺاور تقاریر کے علاوہ اسلامی تاریخ قران و سنت کے کوئز میں بھی حصہ لیا اور بچوں اور بچیوں کی دو مختلف ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوا جو کہ بچیوں کی ٹیم نے جیت لیا۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔سینئر صحافی شیراز خان ، سابق سیکریٹری جنرل مسلم کانفرنس برطانیہ شبیر ملک ،معروف بزنس مین سید مجاہد حسین کے علاوہ کمیونٹی کی دیگر اعلیٰ شخصیات سمیت عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔بچوں و بچیوں کی کارکردگی اور مقابلوں کو خوب سراہا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ اسناد اور شیلڈ سے بھی نوازا گیا ۔ججز کے فرائض صاحبزادہ انور الاسلام ،علامہ قاضی عبد العزیز چشتی ، قاری محمد اجمل ،استاد حسن یوسف اور حافظ عمر نے انجام دیئے۔معروف کاروباری شخصیت سید مجاہد حسین شاہ کے صاحبزادے سید اویس شاہ اور چوہدری محمد فاروق کی پوتی اور اعجاز حسین کی صاحبزادی لائبہ حسین کی دستار بندی کی گئی۔اسٹیج کے عقب میں نصب بڑی اسکرین پر قرآن اکیڈمی کا جامع تعارف کرایا گیا اور طلبا کے داخلے اور پڑھائی سمیت تمام معلومات سے شرکا کا آگاہ کیا گیا۔
قاضی عبد العزیز چشتی ایم بی ای نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوش نصیب ہیں وہ والدین جو اپنے بچوں کو اسلامی تعلیمات سے آراستہ کرتے ہیں اور انہیں قرآن کیلئے مدرسے میں چھوڑ کے جاتے ہیں، ہماری موجودہ نسل کیلئے قرآن پاک کی تعلیم نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبر اور حشر میں قرآن ساتھ دے گا ، قرآن پڑھنے کی عادت ڈالیں اور اپنی نسلوں کو سنواریں ۔ قرآن پاک مکمل ضابطہ حیات ہیـ اس میں اللہ تعالیٰ نے انسان کو زندگی گزارنے کے اصولوں سے روشناس کروایا ہے۔قران پاک حفظ کرنیوالے بچے ایسے باغیچے ہیں جن سے مزید پھول کھیلیں گے اور قرآن کی تعلیمات ہر طرف پھیلیں گی۔پروگرام کے اختتام پر خصوصی دعائیں کی گئی ۔
