حویلی / کہوٹہ:وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق حویلی کہوٹہ میں سابق سینئر وزیر چوہدری محمد عزیز(مرحوم) کے گھر گئےاور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ اس موقع پرتعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں آکر سیاست میں وضع داری اور محبت کا عملی مظاہرہ دیکھ کر دلی خوشی ہوئی ہے،عہدے اور منصب آزمائش ہوتے ہیں، دنیا بھر کے قبرستان ہمیں حقیقت سے آشنائی فراہم کررہے ہیں، سیاست عوامی خدمت کا مشن ہے، ہم چوہدری محمد عزیز کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ چوہدری محمد عزیز مرحوم کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، وہ نفیس شخصیت اور عمدہ صلاحیتوں کے حامل انسان تھے،انہوں نے کہا کہ چوہدری محمد عزیز کی خدمات کے اعتراف میں ان کے شایان شان منصوبے کو ان کے نام سے منسوب کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کروں گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ چوہدری محمد عزیز کی سیاسی خدمات مثالی ہیں ،چوہدری محمد عزیز کا جانا سیاست میں بڑا خلا ہے جو برسوں پر نہ ہوسکے گا۔ تقریب کے میزبان چوہدری محسن عزیز نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق، وزرا حکومت سمیت دیگر مہمانان کا شکریہ ادا کیا ۔
