مظفرآباد: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ڈھونگ انتخابات کے دوسرے مرحلے کے خلاف آج مظفرآباد میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پاسبان حریت جموں و کشمیر کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔مظاہرین نے سیاہ جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر” ہم انتخابات نہیں، آزادی چاہتے ہیں”اور”ہم انتخابات نہیں ریفرنڈم چاہتے ہیں”جیسے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے بھارتی تسلط سے مکمل آزادی اور حق خود ارادیت کا مطالبہ کرتے ہوئے بھارت کے خلاف اورآزادی کے حق میں نعرے لگائے۔مقررین نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انتخابات کو ایک فریب ا ور بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے بھارتی حکومت کی ایک سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات حق خود ارادیت اور آزادی کا نعم البدل نہیں ہوسکتے۔مظاہرین نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بین الاقوامی مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے مبصر دفتر کی طرف مارچ کیا۔پاسبان حریت جموں و کشمیر کے سربراہ عزیز احمد غزالی، شوکت میر، مشتاق اسلام اوردیگر نے مظاہرین سے خطاب کیا۔
