مظفر آباد:عالمی یوم انسانی حقوق کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

’’ کشمیر میں انسانی حقوق کی موجودہ صورت حال ذمہ دار کون ! عوام یا حکمران‘‘کشمیر بھر سے شہریوں کی شرکت
مظفر آباد (رپورٹ:ڈی نیوز 24ٹی وی )تحریک جوانان کشمیر ضلع مظفرآباد کے زیر اہتمام عالمی یوم انسانی حقوق کی مناسبت سے مظفرآباد میں ایک تقریب بعنوان ،’’ کشمیر میں انسانی حقوق کی موجودہ صورت حال ذمہ دار کون ! عوام یا حکمران‘‘کا اہتمام کیا گیا جس میں تحریک جوانان کشمیر کی گورننگ باڈی سمیت خواتین و حضرات نے شرکت کی ۔تقریب کی صدارت ملک عاقب الرحمن اعوان صدر ضلع مظفرآباد نے کی جبکہ تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر تحریک جوانان کشمیر محترم اجمل مغل اور چیف آرگنائزر ڈاکٹر راجہ زاہد خان تھے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر سپورٹس اینڈ کلچر ونگ تحریک جوانان کشمیر فضل الرحمان علوی نے کشمیر کی تمام اکائیوں میں انسانی حقوق کی موجودہ صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی کہ کس طرح کشمیر کے اس خطے جسے آزاد کشمیر کہا جاتا ہے وہاں عوامی مطالبات کو جمہوری طریقہ سے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاتا ہے جبکہ دوسری طرف بھارتی قابض فوج نے کشمیر کی خوبصورت وادی کو ایک عقوبت خانے میں تبدیل کر دیا ہے ۔تمام تر بھارتی ہتھکنڈے کشمیریوں کا جذبہ آزادی سرد نہیں کر سکے بلکہ ہر ظلم وزیادتی کے بعد کشمیریوں میں ایک ایسی لہر انگڑائی لیتی ہے کہ پوری بھارتی اسٹیبلشمنٹ سر پکڑ کر بیٹھ جاتی ہے اور پھر جبرو استداد کے نئے دور شروع ہو جاتے ہیں ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اوورسیز امور تحریک جوانان کشمیر حمزہ علی عباسی نے بھارتی اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھوں حریت قیادت کی بیرونی ممالک کے دورے کے لیے ضروری سفری دستاویزات بالخصوص پاسپورٹ کی ضبطی کو عالمی انسانی حقوق چارٹر کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت جتنی مرضی کوشش کر لے اس کے ظلم وزیادتی کو اب غیر مسلم کشمیری اقلیت بھی دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں جو بھارت کے منہ پر تمانچہ ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل ہیڈ تحریک جوانان کشمیر سردار طارق محمود جنجوعہ نے قیام پاکستان اور بالخصوص تحریک آزادئ کشمیر کے ابتدائی دور کا اجمالی خاکہ حاضرین کے سامنے رکھا کہ کس طرح محدود وسائل کے باوجود محض جذبہ حریت اور ایمانی طاقت کے ذریعے ہمارے آباؤ اجداد نے ڈوگرہ فوج کا دیوانہ وار مقابلہ کیا اور گلگت بلتستان سمیت آزاد کشمیر کا علاقہ آزاد کروایا ۔ اگر بھارت خود اقوام متحدہ میں اس مسئلے کو لے جا کر نہ الجھاتا تو مزید رقبہ بھی ڈوگروں اور درانداز بھارتی فوج سے چھڑوا لیا جاتا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اکابرین نے اس علاقے کو آزاد کروانے کے بعد بڑی محنت سے اور پاکستانی تعاون سے تعمیر وترقی کی بنیادیں رکھنی شروع کیں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسماء بھٹی ایڈووکیٹ صدر ویمن ونگ تحریک جوانان کشمیر مہاجرین مقیم پاکستان جو خواتین لائیرز کے خصوصی وفد کے ساتھ اسلام آباد سے آ کر شریک ہوئیں نے کہا کہ تحریک جوانان پاکستان جموں و کشمیر اپنے قائد جنرل ریٹائرڈ حمید گل مرحوم کو آج خراج عقیدت پیش کرتی ہے کہ جنھوں نے پہلے پاک فوج میں عملی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور پوری دنیا کو حربی و دفاعی جہتوں سے روشناس کرایا اور بعد از ریٹائرمنٹ تحریک جوانان پاکستان جموں و کشمیر کی بنیاد عدالت کفالت اور حفاظت کے نظریے کے تحت رکھ کر قوم کی خدمت اور تعمیر وترقی کی جدوجہد کا بیڑہ اٹھایا اور اب یہ علم موجودہ چئیر مین محترم عبداللہ حمید گل اسلام ، پاکستان اور تحریک آزادئ کشمیر سے کمٹمنٹ کی ہر سطح پر تھامے ہوئے ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ ہماری قیادت صاف ستھری اور نظریہِ اسلام کی امین ہے ۔
اس موقع پر تحریک جوانان کشمیر کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر راجہ زاہد خان نے عالمی انسانی حقوق کے دن پر مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا کہ ہندوتوا ڈاکٹرائن کے نشے میں مست بھارتی قابض اسٹیبلشمنٹ نے ایک طرف تو بھارتی مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے دوسری طرف 35اے اور 370 کی منسوخی کے بعد قلیل مدت میں لاکھوں غیر مسلم غیر کشمیری کو کشمیری ڈومیسائل جاری کرنے شروع کر دیئے ہیں جس سے مسلم اکثریت کچھ ہی عرصے بعد اقلیت میں تبدیل ہو جائے گی ۔ڈاکٹر راجہ زاہد خان نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی توجہ اس امر کی جانب بھی دلائی کہ محض کشمیری عسکریت سے جوڑ کر سینکڑوں کشمیریوں کو ملازمتوں سے جبری طور پر برخاست کیا جا رہا ہے اور ان کی جگہ نئے ڈومیسائل والے لوگوں کو بھرتی کیا جا رہا ہے ساتھ ہی ساتھ عسکریت کا الزام عائد کر کے انکی قیمتی پراپرٹیز کو بھی بحق سرکار ضبط کیا جا رہا ہے اور مکینوں کو بے دخل کیا جا رہا ہے جو انسانی حقوق کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تنظیمیں اس مکروہ عمل کو رکوانے میں فوری کردار ادا کریں ۔تقریب سے صدر تحریک جوانان کشمیر اجمل مغل نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر دنیا کا وہ واحد خطہ ہے جہاں پبلک سیفٹی ایکٹ ، آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ ، پوڈا ، او س آئی ، سمیت ایسے قوانین رائج ہیں جنھوں نے عام کشمیریوں کی ہی نہیں بلکہ سول سوسائٹی کی تناور آوازوں کو بھی خاموش کرنا شروع کر دیا ہے لیکن انسانی حقوق کی تنظیموں نے سوائے مذمتی قرارداد اور بیانات کے ابھی تک کچھ نہیں کیا جو ان کے وجود پر بھی سوالیہ نشان ہے ۔اجمل مغل نے پاکستان سمیت اوورسیز کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر مذمتی قراردادیں پیش کرنے کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس کے دروازے بھی کھٹکھائیں تاکہ انسانی حقوق کے خلاف ورزی کرنے والوں کو لگام دی جا سکے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک عاقب الرحمن اعوان صدر تحریک جوانان کشمیر ضلع مظفرآباد نے مندوبین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے شامل ہو کر انسانی حقوق کے مختلف زاویوں پر اور بالخصوص تحریک آزادئ کشمیر کے حوالے سے عوامی و حکومتی انسانی المیوں کو واضح کیا ۔تقریب سے سینئر نائب صدر سردار راشد شاہین ، صدر تحریک جوانان کشمیر ضلع نیلم خواجہ پرویز ، جنرل سیکرٹری ضلع نیلم بنارس مغل ، سینئر نائب صدر ضلع مظفرآباد عجب نقوی، وحید عالم، خواتین ونگ سے محترمہ زیب النساء و دیگر نے خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض تحریک جوانان کشمیر ویمن ونگ ضلع مظفرآباد کی جنرل سیکرٹری محترمہ رابعہ نے سرا نجام دیئے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے