
سیکریٹری تعلیم اسکولز نے با عزت زندگی گزاری، کئی تاریخی اعزاز اپنے نام کئے، ڈاکٹر راجہ زاہد خان
مظفر آباد(رپورٹ:ڈی نیوز 24)محکمہ قانون کے سیکشن آفیسر سے سیکریٹری تعلیم ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن تک کا لازوال اور تاریخی سفر کئی تاریخی اعزاز نام کر گئے ۔آزاد کشمیر کی تاریخ کی سب سے بڑی اساتذہ کی ریکروٹمنٹ بذریعہ این ٹی ایس و صاف شفاف میرٹ پر تعیناتیاں اور برسوں کے رکے ہوئے سلیکشن بورڈز کر کے ایک تاریخ رقم کر دی گئی ۔ رزاق احمد ندیم نے ذہانت ، قابلیت اور معاملہ فہمی کو بروئے کار لاتے ہوئے محکمہ تعلیم کے فارن فنڈڈ پراجیکٹ کو سائن کر کے فنڈز کو ضائع ہونے سے آخری لمحات میں نہ صرف بچایا بلکہ کمال حکمت عملی کے ذریعے تمام ریشہ دوانیوں کو ناکام بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ رزاق احمد ندیم نے آزاد کشمیر کی جامع تعلیمی پالیسی جاری کر کے ثابت کیا کہ وہ موجودہ بیوروکریسی کا چمکتا ہوا ستارہ ہیں جنہوں نے محنت اور قابلیت اور دور اندیشی کی بنیاد پر اپنا لوہا منوایا ۔
تفصیلات کے مطابق چیف آرگنائزر تحریک جوانان کشمیر ڈاکٹر راجہ زاہد خان نے سیکریٹری تعلیم سکولز رزاق احمد ندیم کو باوقار اور شاندار سروس مکمل کر کے ریٹائر ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔ڈاکٹر راجہ زاہد خان کے بقول رزاق احمد ندیم نے پیشہ وکالت کے دوران محکمہ قانون آزاد کشمیر سے اپنی سروس کا آغاز کیا جو کامرانیوں کے تمام مراحل طے کرتے ہوئے بالآخر سیکریٹری حکومت آزاد کشمیر پر منتج ہوا جس میں قانون سازی سے لیکر تعلیمی اصلاحات کے بے شمار تاریخی اعزازات حاصل کیے جو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا کماحقہ اعتراف ہے ۔ڈاکٹر راجہ زاہد خان نے مزید کہا کہ محترم رزاق احمد ندیم نے بحیثیت سیکریٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن آزاد کشمیر کی تاریخ کی سب سے بڑی اساتذہ کی ریکروٹمنٹ بذریعہ این ٹی ایس و صاف شفاف میرٹ پر تعیناتیاں کر کے ایک ایسی تاریخ رقم کی جس کے اثرات آزاد کشمیر کی تعلیمی کارکردگی پر مدتوں پڑتے رہیں گے اسی دوران انہوں نے جس طرح برسوں سے زیر التواء ریکارڈ سلیکشن بورڈز کر کے اساتذہ کو ترقیاب کیا وہ بھی ایک سنہری باب کا اضافہ ہے ۔چیف آرگنائزر تحریک جوانان کشمیر نے ایک اہم معاملے کو بھی یاد دلایا کہ یہ رزاق احمد ندیم کی ذہانت ، قابلیت اور معاملہ فہمی تھی کہ انہوں نے محکمہ تعلیم آزاد کشمیر کے فارن فنڈڈ پراجیکٹ کو بالکل آخری لمحات میں ایم او یو سائن کر کے فنڈز کو ضائع ہونے سے نہ صرف بچایا بلکہ اس کے خلاف ہونے والی ریشہ دوانیوں کو کمال حکمت عملی سے بچایا جو ان کی انتظامی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ڈاکٹر راجہ زاہد خان کے بقول یہ رزاق احمد ندیم کی زمانہ شناس نظریں ہی تھیں جنہوں نے پورے پاکستان میں سب سے پہلے آزاد کشمیر کی جامع تعلیمی پالیسی جاری کی جس کو پورے پاکستان سمیت بین الاقوامی اداروں نے بھی سراہا ۔ڈاکٹر راجہ زاہد خان نے کہا کہ رزاق احمد ندیم آزاد کشمیر بیوروکریسی کا چمکتا ہوا ستارہ ہے جس کی روشنی میں دیگر بے شمار ستارے توانائی حاصل کر سکتے ہیں اس لیے تحریک جوانان کشمیر ان کی آزاد کشمیر میں سروس کے دوران کیے گئے اقدامات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتی ہے اور اس امید کا اظہار کرتی ہے کہ بعد از ریٹائرمنٹ اپنی صلاحیتوں سے نوجوان نسل اور بیوروکریسی کو استفادہ حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے ۔
